إِنَّ الَّذِينَ عِندَ رَبِّكَ لَا يَسْتَكْبِرُونَ عَنْ عِبَادَتِهِ وَيُسَبِّحُونَهُ وَلَهُ يَسْجُدُونَ ۩
بے شک جو آپ کے رب کے پاس ہیں وہ اس کی عبادت سے تکبر نہیں کرتے وہ اس کی تسبیح کرتے ہیں اور اسی کو سجدہ کرتے ہیں۔“
بنا بریں فرمایا : ﴿إِنَّ الَّذِينَ عِندَ رَبِّكَ﴾ ” وہ لوگ جو آپ کے رب کے پاس ہیں“ یعنی اللہ تعالیٰ کے مقرب فرشتے، عرش الٰہی کو اٹھانے والے فرشتے اور اس کے اشراف فرشتے ﴿لَا يَسْتَكْبِرُونَ عَنْ عِبَادَتِهِ ﴾ اس کی عبادت سے تکبر نہیں کرتے“ بلکہ اس کی عبادت کے لئے سرافگندہ اور اپنے رب کے احکام کے سامنے مطیع ہیں ﴿وَيُسَبِّحُونَهُ﴾ ” اور اس کی تسبیح بیان کرتے ہیں۔“ رات دن اس کی تسبیح میں مگن رہتے ہیں اور اللہ تعالیٰ پر افترا پردازی نہیں کرتے۔ ﴿ وَلَهُ﴾ ” اور اس کے لئے“ یعنی اللہ وحدہ لاشریک کے لئے ﴿ يَسْجُدُونَ ﴾ ” سجدے کرتے ہیں۔“ پس بندوں کو ان ملائکہ کرام کی پیروی کرنی چاہئے اور ہمیشہ اللہ علم والے بادشاہ حقیقی کی عبادت میں مصروف رہنا چاہئے۔