سورة الاخلاص - آیت 1

قُلْ هُوَ اللَّهُ أَحَدٌ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

کہو کہ وہ اللہ ایک ہے۔

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

اپنی حکمت و تدبر میں وحدہ لا شریک اس کے نازل ہونے کی وجہ پہلے بیان ہو چکی ہے ، عکرمہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ یہود کہتے تھے ہم عزیز [علیہ السلام] کو پوجتے ہیں جو اللہ کے بیٹے ہیں اور نصرانی کہتے تھے ہم مسیح [علیہ السلام] کو پوجتے ہیں جو اللہ کے بیٹے ہیں اور مجوسی کہتے تھے ہم سورج چاند کی پرستش کرتے ہیں اور مشرک کہتے تھے ہم بت پرست ہیں تو اللہ تعالیٰ نے یہ سورت اتاری کہ اے نبی ! تم کہہ دو کہ ہمارا معبود تو اللہ تعالیٰ ہے جو واحد اور احد ہے جس جیسا کوئی نہیں، جس کا کوئی وزیر نہیں، جس کا کوئی شریک نہیں، جس کا کوئی ہمسر نہیں، جس کا کوئی ہم جنس نہیں، جس کا برابر اور کوئی نہیں، جس کے سوا کسی میں الوہیت نہیں ۔ اس لفظ کا اطلاق صرف اسی کی ذات پاک پر ہوتا ہے وہ اپنی صفتوں میں اور اپنے حکمت بھرے کاموں میں یکتا اور بےنظیر ہوتا ہے ۔ وہ «صمد» ہے یعنی ساری مخلوق اس کی محتاج ہے اور وہ سب سے بے نیاز ہے ۔ ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ «صمد» وہ ہے جو اپنی سرداری میں ، اپنی شرافت میں ، اپنی بندگی اور عظمت میں ، اپنے علم و علم میں ، اپنی حکمت و تدبر میں سب سے بڑھا ہوا ہے ۔ یہ صفتیں صرف اللہ تعالیٰ جل شانہ میں ہی پائی جاتی ہیں ۔ اس کا ہمسر اور اس جیسا کوئی اور نہیں وہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ سب پر غالب ہے اور اپنی ذات و صفات میں یکتا اور بینظیر ہے ، «صمد» کے یہ معنی بھی کئے گئے ہیں کہ جو تمام مخلوق کے فنا ہو جانے کے بعد بھی باقی رہے ، جو ہمیشہ کی بقا والا ، سب کی حفاظت کرنے والا ہو جس کی ذات لازول اور غیر فانونی ہو ۔ عکرمہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں «صمد» وہ ہے جو نہ کچھ کھائے نہ اس میں سے کچھ نکلے ۔ یہ معنی بھی بیان کئے گئے ہیں کہ «صمد» کی تفسیر اس کے بعد ہے یعنی نہ اس میں سے کچھ نکلے نہ وہ کسی میں سے نکلے یعنی نہ اس کی اولاد ہو نہ ماں باپ ، یہ تفسیر بہت اچھی اور عمدہ ہے اور ابن جریر رحمہ اللہ کی روایت سے سیدنا ابی بن کعب رضی اللہ عنہ سے صراحتاً یہ مروی ہے جیسے کہ پہلے گزرا ، اور بہت سے صحابہ اور تابعین سے مروی ہے کہ «صمد» کہتے ہیں ٹھوس چیز کو جو کھوکھلی نہ ہو جس کا پیٹ نہ ہو ۔ شعبی رحمہ اللہ کہتے ہیں جو نہ کھاتا ہو نہ پیتا ہو ، عبداللہ بن بریدہ رحمہ اللہ فرماتے ہیں «صمد» وہ نور ہے جو روشن ہو اور چمک دمک والا ہو ، ایک مرفوع حدیث میں بھی ہے کہ «صمد» میں ہے جس کا پیٹ نہ ہو ۱؎ ، (طبرانی:1162:ضعیف) لیکن اس کا مرفوع ہونا ٹھیک نہیں ، صحیح یہ ہے کہ یہ موقوف ہے ۔ حافظ ابوالقاسم طبرانی رحمہ اللہ اپنی کتاب «السنہ» میں لفظ «صمد» کی تفسیر میں ان تمام اقوال وغیرہ کو وارد کر کے لکھتے ہیں کہ دراصل یہ سب سچے ہیں اور صحیح ہیں ۔ کل صفتیں ہمارے رب عزوجل میں ہیں اس کی طرف سب محتاج بھی ہیں وہ سب سے بڑھ کر سردار اور سب سے بڑا ہے اسے نہ پیٹ ہے، نہ وہ کھوکھلا ہے، نہ وہ کھائے، نہ پئے، سب فانی ہیں اور وہ باقی ہے ۔ وغیرہ پھر فرمایا : اس کی اولاد نہیں نہ اس کے ماں باپ ہیں نہ بیوی ۔ جیسے اور جگہ ہے : «بَدِیعُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ أَنَّیٰ یَکُونُ لَہُ وَلَدٌ وَلَمْ تَکُنْ لَہُ صَاحِبَۃٌ وَخَلَقَ کُلَّ شَیْءٍ» ۱؎ (6-الأنعام:101) الخ یعنی ’وہ زمین و آسمان کا پیدا کرنے والا ہے اسے اولاد کیسے ہو گی ؟ اس کی بیوی نہیں ہر چیز کو اسی نے پیدا کیا ہے‘ ، یعنی وہ ہر چیز کا خالق مالک ہے، پھر اس کی مخلوق اور ملکیت میں سے اس کی برابری اور ہمسری کرنے والا کون ہو گا ؟ وہ ان تمام عیوب اور نقصان سے پاک ہے ۔ جیسے اور جگہ فرمایا : «وَقَالُوا اتَّخَذَ الرَّحْمٰنُ وَلَدًا» * «لَقَدْ جِئْتُمْ شَیْئًا إِدًّا» * «تَکَادُ السَّمَاوَاتُ یَتَفَطَّرْنَ مِنْہُ وَتَنْشَقٰ الْأَرْضُ وَتَخِرٰ الْجِبَالُ ہَدًّا» * «أَنْ دَعَوْا لِلرَّحْمٰنِ وَلَدًا» * «وَمَا یَنْبَغِی لِلرَّحْمٰنِ أَنْ یَتَّخِذَ وَلَدًا» * «إِنْ کُلٰ مَنْ فِی السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ إِلَّا آتِی الرَّحْمٰنِ عَبْدًا» * «لَقَدْ أَحْصَاہُمْ وَعَدَّہُمْ عَدًّا» * «وَکُلٰہُمْ آتِیہِ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ فَرْدًا» ۲؎ (19-مریم:88-95) یعنی ’یہ کفار کہتے ہیں کہ اللہ کی اولاد ہے تم تو ایک بڑی بری چیز لائے قریب ہے کہ آسمان پھٹ جائیں اور زمین شق ہو جائے اور پہاڑ پارہ پارہ ہو کر گر پڑیں ، اس بنا پر کہ انہوں نے کہا کہ اللہ کی اولاد ہے حالانکہ اللہ کو یہ لائق ہی نہیں کہ اس کی اولاد ہو تمام زمین و آسمان میں کے کل کے کل اللہ کے غلام ہی بن کر آنے والے ہیں اللہ کے پاس تمام کا شمار ہے اور انہیں ایک ایک کر کے گن رکھا ہے اور یہ سب کے سب تنہا تنہا اس کے پاس قیامت کے دن حاضر ہونے والے ہیں‘ ۔ اور جگہ ہے : «وَقَالُوا اتَّخَذَ الرَّحْمٰنُ وَلَدًا سُبْحَانَہُ بَلْ عِبَادٌ مُکْرَمُونَ» * «لَا یَسْبِقُونَہُ بِالْقَوْلِ وَہُمْ بِأَمْرِہِ یَعْمَلُونَ» ۳؎ (21-الأنبیاء:26) یعنی ’ان کافروں نے کہا کہ رحمان کی اولاد ہے اللہ اس سے پاک ہے بلکہ وہ تو اللہ کے باعزت بندے ہیں بات میں بھی اس سے سبقت نہیں کرتے اسی کے فرمان پر عامل ہیں‘ ۔ اور جگہ ہے : «وَجَعَلُوا بَیْنَہُ وَبَیْنَ الْجِنَّۃِ نَسَبًا وَلَقَدْ عَلِمَتِ الْجِنَّۃُ إِنَّہُمْ لَمُحْضَرُونَ» * «سُبْحَانَ اللہِ عَمَّا یَصِفُونَ» ۴؎ (37-الصافات:158-159) یعنی ’انہوں نے اللہ تعالیٰ کے اور جنات کے درمیان نسب قائم کر رکھا ہے حالانکہ جنات تو خود اس کی فرمانبرداری میں حاضر ہیں اللہ تعالیٰ ان کے بیان کردہ عیوب سے پاک و برتر ہے‘ ۔ صحیح بخاری میں ہے کہ {ایذاء دینے والی باتوں کو سنتے ہوئے صبر کرنے میں اللہ سے زیادہ صابر کوئی نہیں لوگ اس کی اولاد بتاتے ہیں اور پھر بھی وہ انہیں روزیاں دیتا ہے اور عافیت و تنگ دستی عطا فرماتا ہے} ۱؎ ۔ (صحیح بخاری:7378) بخاری کی اور روایت میں ہے کہ {اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ابن آدم مجھے جھٹلاتا ہے حالانکہ اسے ایسا نہ چاہیئے مجھے گالیاں دیتا ہے اور اسے یہ بھی لائق نہ تھا اس کا مجھے جھٹلاتا تو یہ ہے کہ وہ کہتا ہے جس طرح اولاً اللہ نے مجھے پیدا کیا ایسے ہی پھر نہیں لوٹائے گا حالانکہ پہلی مرتبہ کی پیدائش دوسری مرتبہ کی پیدائش سے کچھ آسان تو نہ تھی جب میں اس پر قادر ہوں تو اس پر کیوں نہیں ؟ اور اس کا مجھے گالیاں دینا یہ ہے کہ وہ کہتا ہے اللہ کی اولاد ہے حالانکہ میں تنہا ہوں میں ایک ہی ہوں میں صمد ہوں نہ میری اولاد نہ میرے ماں باپ نے مجھ جیسا کوئی اور} ۲؎ (صحیح بخاری:4974) «الحمداللہ» سورۃ الاخلاص کی تفسیر اللہ کے فضل و کرم اور اس کے لطف و رحم سے ختم ہوئی ۔