سورة الملك - آیت 6

وَلِلَّذِينَ كَفَرُوا بِرَبِّهِمْ عَذَابُ جَهَنَّمَ ۖ وَبِئْسَ الْمَصِيرُ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

جن لوگوں نے اپنے رب کے ساتھ کفر کیا ہے ان کے لیے جہنم کا عذاب ہے اور جہنم بہت ہی برا ٹھکانا ہے۔

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

جہنم کا داروغہ سوال کرے گا اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ ’ جو بھی اس کے ساتھ کفر کرے ، وہ جہنمی ہے اس کا انجام اور جگہ بد سے بد ہے ‘ ۔ یہ بلند اور مکروہ گدھے کی سی آوازیں مارنے والی جہنم ہے جو ان پر جل رہی ہے ، اور جوش و غضب سے اس طرح کچ کچا رہی ہے کہ گویا ابھی ٹوٹ پھوٹ جائے گی ، اور دوزخیوں کو زیادہ ذلیل کرنے اور آخری حجت قائم کرنے اور اقبالی مجرم بنانے کے لیے داروغہ جہنم ان سے پوچھتے ہیں کہ ” بدنصیبو ! کیا اللہ کے رسولوں نے تمہیں اس سے ڈرایا نہ تھا ؟ “ تو یہ ہائے وائے کرتے ہوئے اپنی جانوں کو کوستے ہوئے جواب دیتے ہیں آئے تو تھے لیکن وائے بدنصیبی کہ ہم نے انہیں جھوٹا جانا اور اللہ کی کتاب کو بھی نہ مانا اور پیغمبروں کو بےراہ بتایا ۔ اب عدل اللہ صاف ثابت ہو چکا ہے اور فرمان باری پورا اترتا ہے جو اس نے فرمایا «وَمَا کُنَّا مُعَذِّبِیْنَ حَتّٰی نَبْعَثَ رَسُوْلًا» ۱؎ (17-الإسراء:15) ’ ہم جب تک رسول نہ بھیج دیں عذاب نہیں کرتے ‘ ۔ اور جگہ ارشاد ہے «‏‏‏‏وَسِیْقَ الَّذِیْنَ کَفَرُوْٓا اِلٰی جَہَنَّمَ زُمَرًا حَتّیٰٓ اِذَا جَاءُوْہَا فُتِحَتْ اَبْوَابُہَا وَقَالَ لَہُمْ خَزَنَــتُہَآ اَلَمْ یَاْتِکُمْ رُسُلٌ مِّنْکُمْ یَتْلُوْنَ عَلَیْکُمْ اٰیٰتِ رَبِّکُمْ وَیُنْذِرُوْنَکُمْ لِقَاءَ یَوْمِکُمْ ھٰذَا قَالُوْا بَلٰی وَلٰکِنْ حَقَّتْ کَلِمَۃُ الْعَذَابِ عَلَی الْکٰفِرِیْنَ» ‏‏‏۱؎ (39-الزمر:71) الخ ’ جب جہنمی جہنم کے پاس پہنچ جائیں گے ، اور جہنم کے دروازے کھول دیئے جائیں گے اور داروغہ جہنم ان سے پوچھیں گے کہ کیا تمہارے پاس تم میں سے ہی رسول نہیں آئے تھے ؟ جو تم پر تمہارے رب کی آیتیں پڑھتے تھے اور تمہیں اس دن کی ملاقات سے ڈراتے تھے تو کہیں گے ہاں آئے تو تھے اور ڈرا بھی دیا تھا لیکن کافروں پر کلمہ عذاب حق ہو گیا ‘ ۔ اب اپنے آپ کو ملامت کریں گے اور کہیں گے کہ اگر ہمارے کان ہوتے ، اگر ہم میں عقل ہوتی تو دھوکے میں نہ پڑے رہتے ، اپنے خالق مالک کے ساتھ کفر نہ کرتے ، نہ رسولوں کو جھٹلاتے ، نہ ان کی تابعداری سے منہ موڑتے ۔ اللہ تعالیٰ فرمائے گا ’ اب تو انہوں نے خود اپنے گناہوں کا اقرار کر لیا ان کے لیے لعنت ہو ، دوری ہو ‘ ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں ” لوگ جب تک دنیا میں اپنے آپ میں غور کریں گے اور اپنی برائیوں کو خود دیکھ لیں گے ہلاک نہ ہوں گے “ ۔ (سنن ابوداود:4347،قال الشیخ الألبانی:صحیح) اور حدیث میں ہے کہ { قیامت والے دن اس طرح حجت قائم کی جائے گی کہ خود انسان سمجھ لے گا کہ میں دوزخ میں جانے کے ہی قابل ہوں } ۔ (مسند احمد:موضوع) [ حافظ زبیر علی زئی فرماتے ہیں ہمیں یہ روایت نہیں ملی ]