هُوَ الَّذِي خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ فِي سِتَّةِ أَيَّامٍ ثُمَّ اسْتَوَىٰ عَلَى الْعَرْشِ ۚ يَعْلَمُ مَا يَلِجُ فِي الْأَرْضِ وَمَا يَخْرُجُ مِنْهَا وَمَا يَنزِلُ مِنَ السَّمَاءِ وَمَا يَعْرُجُ فِيهَا ۖ وَهُوَ مَعَكُمْ أَيْنَ مَا كُنتُمْ ۚ وَاللَّهُ بِمَا تَعْمَلُونَ بَصِيرٌ
وہی ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو چھ دنوں میں پیدا کیا اور پھر عرش پر جلوہ افروز ہوا، جو کچھ زمین میں داخل ہوتا ہے اور جو کچھ اس سے نکلتا ہے اور جو کچھ آسمان سے اترتا ہے اور جو کچھ آسمان کی طرف چڑھتا ہے اس کے علم میں ہوتا ہے تم جہاں بھی ہوتے ہو وہ تمہارے ساتھ ہوتا ہے، جو کچھ تم کرتے ہو اسے وہ دیکھ رہا ہے۔
ہر چیز کا خالق و مالک اللہ ہے اللہ تعالیٰ کا زمین و آسمان کو چھ دن میں پیدا کرنا اور عرش پر قرار پکڑنا «ہُوَ الَّذِی خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ فِی سِتَّۃِ أَیَّامٍ ثُمَّ اسْتَوَی عَلَی الْعَرْشِ» ۱؎ (57-الحدید:4) سورۃ الاعراف کی تفسیر میں پوری طرح بیان ہو چکا ہے اس لیے یہاں دوبارہ بیان کرنے کی ضرورت نہیں ۔ «یَعْلَمُ مَا یَلِجُ فِی الْأَرْضِ وَمَا یَخْرُجُ مِنْہَا وَمَا یَنْزِلُ مِنَ السَّمَاءِ وَمَا یَعْرُجُ فِیہَا» ۱؎ (57-الحدید:4) ’ اسے بخوبی علم ہے کہ کس قدر بارش کی بوندیں زمین میں گئیں ، کتنے دانے زمین میں پڑے اور کیا چارہ پیدا ہوا کس قدر کھیتیاں ہوئیں اور کتنے پھل کھلے ۔‘ جیسے اور آیت میں ہے «وَعِندَہُ مَفَاتِحُ الْغَیْبِ لاَ یَعْلَمُہَآ إِلاَّ ہُوَ وَیَعْلَمُ مَا فِی الْبَرِّ وَالْبَحْرِ وَمَا تَسْقُطُ مِن وَرَقَۃٍ إِلاَّ یَعْلَمُہَا وَلاَ حَبَّۃٍ فِی ظُلُمَـتِ الاٌّرْضِ وَلاَ رَطْبٍ وَلاَ یَابِسٍ إِلاَّ فِی کِتَـبٍ مٰبِینٍ » ۱؎ (6-الأنعام:59) ، ’ غیب کی کنجیاں اسی کے پاس ہیں جنہیں سوائے اس کے اور کوئی جانتا ہی نہیں وہ خشکی اور تری کی تمام چیزوں کا عالم ہے ، کسی پتے کا گرنا بھی اس کے علم سے باہر نہیں ، زمین کے اندھیروں میں پوشیدہ دانہ اور کوئی تر و خشک چیز ایسی نہیں جو کھلی کتاب میں موجود نہ ہو۔‘ اسی طرح آسمان سے نازل ہونے والی بارش ، اولے ، برف ، تقدیر اور احکام جو برتر فرشتوں کے بذریعہ نازل ہوتے ہیں ، سب اس کے علم میں ہیں ۔ سورۃ البقرہ کی تفسیر میں یہ گزر چکا ہے کہ اللہ کے مقرر کردہ فرشتے بارش کے ایک ایک قطرے کو اللہ کی بتائی ہوئی جگہ پہنچا دیتے ہیں ، آسمان سے اترنے والے فرشتے اور اعمال بھی اس کے وسیع علم میں ہیں ۔ جیسے صحیح حدیث میں ہے { رات کے اعمال دن سے پہلے اور دن کے اعمال رات سے پہلے اس کی جناب میں پیش کر دیئے جاتے ہیں } ۔ ۱؎ (صحیح مسلم:293) اور آیت میں ہے «وَ اللہُ بِمَا تَعْمَلُونَ بَصِیرٌ» ۱؎ (3-آل عمران:156) وہ تمہارے ساتھ ہے یعنی تمہارا نگہبان ہے ۔ تمہارے اعمال و افعال کو دیکھ رہا ہے جیسے بھی ہوں جو بھی ہوں اور تم بھی خواہ خشکی میں ہو خواہ تری میں ، راتیں ہوں یا دن ہوں ، تم گھر میں ہو یا جنگل میں ، ہر حالت میں اس کے علم کے لیے یکساں ہر وقت اس کی نگاہیں اور اس کا سننا تمہارے ساتھ ہے ۔ وہ تمہارے تمام کلمات سنتا رہتا ہے تمہارا حال دیکھتا رہتا ہے ، تمہارے چھپے کھلے کا اسے علم ہے ۔ جیسے فرمایا ہے کہ «أَلا إِنَّہُمْ یَثْنُونَ صُدُورَہُمْ لِیَسْتَخْفُواْ مِنْہُ أَلا حِینَ یَسْتَغْشُونَ ثِیَابَہُمْ یَعْلَمُ مَا یُسِرٰونَ وَمَا یُعْلِنُونَ إِنَّہُ عَلِیمٌ بِذَاتِ الصٰدُورِ» (11-ہود:5) یعنی ’ اس سے جو چھپنا چاہے اس کا وہ فعل فضول ہے بھلا ظاہر باطن بلکہ دلوں کے ارادے تک سے واقفیت رکھنے والے سے کوئی کیسے چھپ سکتا ہے ؟ ‘ ایک اور آیت میں «سَوَآءٌ مِّنْکُمْ مَّنْ أَسَرَّ الْقَوْلَ وَمَنْ جَہَرَ بِہِ وَمَنْ ہُوَ مُسْتَخْفٍ بِالَّیْلِ وَسَارِبٌ بِالنَّہَارِ» ۱؎ (13-الرعد:10) ہے ’ پوشیدہ باتیں ظاہر باتیں راتوں کو دن کو جو بھی ہوں سب اس پر روشن ہیں ۔‘ یہ سچ ہے وہی رب ہے وہی معبود برحق ہے ۔ صحیح حدیث میں ہے کہ جبرائیل کے سوال پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” احسان یہ ہے کہ تو اللہ کی عبادت اس طرح کر کہ گویا تو اللہ کو دیکھ رہا ہے ۔ پس اگر تو اسے نہیں دیکھ رہا تو وہ تو تجھے دیکھ رہا ہے “ } ۔ ۱؎ (صحیح بخاری:50) { ایک شخص آ کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کرتا ہے کہ ” یا رسول اللہ ! مجھے کوئی ایسا حکمت کا توشہ دیجئیے کہ میری زندگی سنور جائے “ ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” اللہ تعالیٰ کا لحاظ کر اور اس سے اس طرح شرما جیسے کہ تو اپنے کسی نزدیکی نیم قرابتدار سے شرماتا ہو جو تجھ سے کبھی جدا نہ ہوتا ہو “ } ۔ ۱؎ (بیہقی فی شعب الایمان:145/6:ضعیف) یہ حدیث ابوبکر اسماعیلی نے روایت کی ہے سند غریب ہے ۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے { جس نے تین کام کر لیے اس نے ایمان کا مزہ اٹھا لیا ۔ ایک اللہ کی عبادت کی اور اپنے مال کی زکوٰۃ ہنسی خوشی راضی رضا مندی سے ادا کی ۔ جانور اگر زکوٰۃ میں دینے ہیں تو بوڑھے بیکار دبلے پتلے اور بیمار نہ دئیے بلکہ درمیانہ راہ اللہ میں دیا اور اپنے نفس کو پاک کیا “ ۔ اس پر ایک شخص نے سوال کیا کہ یا رسول اللہ ! نفس کو پاک کرنے کا کیا مطلب ہے ؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” اس بات کو دل میں محسوس کرے اور یقین و عقیدہ رکھے کہ ہر جگہ اللہ تعالیٰ اس کے ساتھ ہے “ } ۔ ۱؎ (ابونعیم) اور حدیث میں ہے { افضل ایمان یہ ہے کہ تو جان رکھے کہ تو جہاں کہیں ہے اللہ تیرے ساتھ ہے۔ } ۱؎ (ابونعیم فی الحلیۃ:124/6) امام احمد رحمہ اللہ علیہ اکثر ان دو شعروں کو پڑھتے رہتے تھے «إِذَا مَا خَلَوْت الدَّہْر یَوْمًا فَلَا تَقُلْ» * «خَلَوْت وَلَکِنْ قُلْ عَلَیَّ رَقِیبُ» * «وَلَا تَحْسَبَنَّ اللَّہ یَغْفُل سَاعَۃ» * «وَلَا أَنَّ مَا تُخْفِی عَلَیْہِ یَغِیبُ» یعنی جب تو بالکل تنہائی اور خلوت میں ہو اس وقت بھی یہ نہ کہہ کہ میں اکیلا ہی ہوں بلکہ کہتا رہ کہ تجھ پر ایک نگہبان ہے یعنی اللہ تعالیٰ ، کسی ساعت اللہ تعالیٰ کو بے خبر نہ سمجھ اور مخفی سے مخفی کام کو اس پر مخفی نہ مان ۔ پھر فرماتا ہے کہ ’ دنیا اور آخرت کا مالک وہی ہے۔ ‘ جیسے اور آیت میں ہے «وَاِنَّ لَنَا لَـلْاٰخِرَۃَ وَالْاُوْلٰی» ۱؎ (92-اللیل:13) ’ دنیا آخرت کی ملکیت ہماری ہی ہے ۔‘ اس کی تعریف اس بادشاہت پر بھی کرنی ہمارا فرض ہے ۔ فرماتا ہے «وَہُوَ اللّٰہُ لَآ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ لَہُ الْحَمْدُ فِی الْاُوْلٰی وَالْاٰخِرَۃِ ۡ وَلَہُ الْحُکْمُ وَاِلَیْہِ تُرْجَعُوْنَ» ۱؎ (28-القصص:70) یعنی ’ وہی معبود برحق ہے اور وہی حمد و ثناء کا مستحق ہے دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی۔ ‘ ایک اور آیت میں ہے «الْحَمْدُ لِلہِ الَّذِی لَہُ مَا فِی السَّمَاوَاتِ وَمَا فِی الْأَرْضِ وَلَہُ الْحَمْدُ فِی الْآخِرَۃِ وَہُوَ الْحَکِیمُ الْخَبِیرُ» ۱؎ (34-سبأ:1) ’ اللہ کے لیے تمام تعریفیں ہیں جس کی ملکیت میں آسمان و زمین کی تمام چیزیں ہیں اور اسی کی حمد ہے آخرت میں اور وہ دانا خبردار ہے ۔‘ پس ہر وہ چیز جو آسمان و زمین میں ہے اس کی بادشاہت میں ہے ۔ ساری آسمان و زمین کی مخلوق اس کی غلام اور اس کی خدمت گزار اور اس کے سامنے پست ہے ۔ جیسے فرمایا «اِنْ کُلٰ مَنْ فِی السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ اِلَّآ اٰتِی الرَّحْمٰنِ عَبْدًا لَّقَدْ أَحْصَاہُمْ وَعَدَّہُمْ عَدًّا وَکُلٰہُمْ آتِیہِ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ فَرْدًا» ۱؎ (19-مریم:95-93) ’ آسمان و زمین کی کل مخلوق رحمن کے سامنے غلامی کی حیثیت میں پیش ہونے والی ہے ان سب کو اس نے گھیر رکھا ہے اور سب کو ایک ایک کر کے گن رکھا ہے ، اسی کی طرف تمام امور لوٹائے جاتے ہیں ، اپنی مخلوق میں جو چاہے حکم دیتا ہے ‘ ۔ «إِنَّ اللہَ لَا یَظْلِمُ مِثْقَالَ ذَرَّۃٍ وَإِن تَکُ حَسَنَۃً یُضَاعِفْہَا وَیُؤْتِ مِن لَّدُنْہُ أَجْرًا عَظِیمًا » (4-النسأ:40) ’ وہ عدل ہے ظلم نہیں کرتا ، بلکہ ایک نیکی کو دس گنا بڑھا کر دیتا ہے اور پھر اپنے پاس سے اجر عظیم عنایت فرماتا ہے ‘ ۔ ارشاد ہے «وَنَضَعُ الْمَوَازِینَ الْقِسْطَ لِیَوْمِ الْقِیَامَۃِ فَلَا تُظْلَمُ نَفْسٌ شَیْئًا وَإِن کَانَ مِثْقَالَ حَبَّۃٍ مِّنْ خَرْدَلٍ أَتَیْنَا بِہَا وَکَفَیٰ بِنَا حَاسِبِینَ» (21-الأنبیاء:47) ’ قیامت کے روز ہم عدل کی ترازو رکھیں گے اور کسی پر ظلم نہ کیا جائے گا ، رائی کے برابر کا عمل بھی ہم سامنے لا رکھیں گے اور ہم حساب کرنے اور لینے میں کافی ہیں ‘ ۔ پھر فرمایا ’ خلق میں تصرف بھی اسی کا چلتا ہے ، دن رات کی گردش بھی اسی کے ہاتھ ہے اپنی حکمت سے گھٹاتا بڑھاتا ہے کبھی دن لمبے ، کبھی راتیں اور کبھی دونوں یکساں ، کبھی جاڑا ، کبھی گرمی ، کبھی بارش ، کبھی بہار ، کبھی خزاں اور یہ سب بندوں کی خیر خواہی اور ان کی مصلحت کے لحاظ سے ہے ۔ وہ دلوں کی چھوٹی سے چھوٹی باتوں اور دور کے پوشیدہ رازوں سے بھی واقف ہے ‘ ۔