سورة فصلت - آیت 46

مَّنْ عَمِلَ صَالِحًا فَلِنَفْسِهِ ۖ وَمَنْ أَسَاءَ فَعَلَيْهَا ۗ وَمَا رَبُّكَ بِظَلَّامٍ لِّلْعَبِيدِ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

جو نیک عمل کرے گا وہ اپنے ہی لیے کرے گا جو برائی کرے گا اس کا وبال اسی پر ہوگا۔ آپ کا رب اپنے بندوں پر ظلم نہیں کرتا۔

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

ناکردہ گناہ سزا نہیں پاتا اس آیت کا مطلب بہت صاف ہے بھلائی کرنے والے کے اعمال کا نفع اسی کو ہوتا ہے اور برائی کرنے والے کی برائی کا وبال بھی اسی کی طرف لوٹتا ہے ۔ پروردگار کی ذات ظلم سے پاک ہے ۔ ایک کے گناہ پر دوسرے کو وہ نہیں پکڑتا ۔ ناکردہ گناہ کو وہ سزا نہیں دیتا ۔ پہلے اپنے رسول صلی اللہ علیہ وسلم بھیجتا ہے ۔ اپنی کتاب اتارتا ہے ، اپنی حجت تمام کرتا ہے ، اپنی باتیں پہنچا دیتا ہے ، اب بھی جو نہ مانے وہ مستحق عذاب و سزا قرار دے دیا جاتا ہے ۔