سورة الزمر - آیت 9

أَمَّنْ هُوَ قَانِتٌ آنَاءَ اللَّيْلِ سَاجِدًا وَقَائِمًا يَحْذَرُ الْآخِرَةَ وَيَرْجُو رَحْمَةَ رَبِّهِ ۗ قُلْ هَلْ يَسْتَوِي الَّذِينَ يَعْلَمُونَ وَالَّذِينَ لَا يَعْلَمُونَ ۗ إِنَّمَا يَتَذَكَّرُ أُولُو الْأَلْبَابِ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

کیا اس شخص کی روش بہتر ہے یا اس شخص کی جو مطیع فرمان ہے اور رات کو اپنے رب کے حضور کھڑا رہتا اور سجدے کرتا ہے آخرت سے ڈرتا اور اپنے رب کی رحمت پرامید لگائے ہوئے ہے ان سے پوچھو کیا جاننے والے اور نہ جاننے والے دونوں برابر ہو سکتے ہیں، نصیحت تو عقل رکھنے والے ہی قبول کرتے ہیں۔

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

مشرک اور موحد برابر نہیں مطلب یہ ہے کہ جس کی حالت یہ ہو وہ مشرک کے برابر نہیں ۔ جیسے فرمان ہے «لَیْسُوْا سَوَاءً مِنْ اَھْلِ الْکِتٰبِ أُمَّۃٌ قَائِمَۃٌ یَتْلُونَ آیَاتِ اللہِ آنَاءَ اللَّیْلِ وَہُمْ یَسْجُدُونَ» ۱؎ (3-آل عمران:113) ، یعنی ’ سب کے سب برابر کے نہیں ، اہل کتاب میں وہ جماعت بھی ہے جو راتوں کے وقت قیام کی حالت میں آیات الہیہ کی تلاوت کرتے ہیں اور سجدوں میں پڑے رہتے ہیں ‘ ۔ قنوت سے مراد یہاں پر نماز کا خشوع خضوع ہے ۔ صرف قیام مراد نہیں ۔ سیدنا ابن مسعود رضی اللہ عنہ سے «قَانِتٌ» کے معنی مطیع اور فرمانبردار کے ہیں ۔ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہ وغیرہ سے مروی ہے کہ «آنَاءَ اللَّیْلِ» سے مراد آدھی رات سے ہے ۔ منصور رحمہ اللہ فرماتے ہیں مراد مغرب عشاء کے درمیان کا وقت ہے ۔ قتادہ رحمہ اللہ وغیرہ فرماتے ہیں ۔ اول درمیانہ اور آخری شب مراد ہے ۔ یہ عابد لوگ ایک طرف لرزاں و ترساں ہیں دوسری جانب امیدوار اور طمع کناں ہیں ۔ نیک لوگوں پر زندگی میں تو خوف اللہ امید پر غالب رہتا ہے موت کے وقت خوف پرامید کا غلبہ ہو جاتا ہے ۔ { رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک شخص کے پاس اس کے انتقال کے وقت جاتے ہیں اور پوچھتے ہیں کہ { تو اپنے آپ کو کس حالت میں پاتا ہے ؟ } اس نے کہا خوف و امید کی حالت میں ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : { جس شخص کے دل میں ایسے وقت یہ دونوں چیزیں جمع ہو جائیں اس کی امید اللہ تعالیٰ پوری کرتا ہے اور اس کے خوف سے اسے نجات عطا فرماتا ہے } } ۔ ۱؎ (سنن ترمذی:983،قال الشیخ الألبانی:حسن) ابن عمر رضی اللہ عنہما نے اس آیت کی تلاوت کر کے فرمایا ” یہ وصف صرف سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ میں تھا “ ۔ ۱؎ (الدر المنشور للسیوطی:355/5:ضعیف) فی الواقع آپ رضی اللہ عنہ رات کے وقت بکثرت تہجد پڑھتے رہتے تھے اور اس میں قرآن کریم کی لمبی قرأت کیا کرتے تھے یہاں تک کہ کبھی کبھی ایک ہی رکعت میں قرآن ختم کر دیتے تھے ۔ جیسا کہ ابوعبید رحمہ اللہ سے مروی ہے ۔ شاعر کہتا ہے ۔ صبح کے وقت ان کے منہ نورانی چمک لیے ہوئے ہوتے ہیں کیونکہ انہوں نے تسبیح و تلاوت قرآن میں رات گذاری ہے ۔ نسائی وغیرہ میں حدیث ہے کہ { جس نے ایک رات سو آیتیں پڑھ لیں اس کے نامہ اعمال میں ساری رات کی قنوت لکھی جاتی ہے } ۔ (مسند احمد:103/4:حسن بالشواہد) پس ایسے لوگ اور مشرک جو اللہ کے ساتھ دوسروں کو شریک ٹھہراتے ہیں کسی طرح ایک مرتبے کے نہیں ہو سکتے ، عالم اور بےعلم کا درجہ ایک نہیں ہو سکتا ۔ ہر عقلمند پر ان کا فرق ظاہر ہے ۔