سورة الصافات - آیت 83

وَإِنَّ مِن شِيعَتِهِ لَإِبْرَاهِيمَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اور نوح کی جماعت کے ساتھ ہی ابراہیم کا تعلق تھا۔

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

اب بھی سنبھل جاؤ ابراہیم علیہ السلام بھی نوح علیہ السلام کے دین پر تھے ، انہی کے طریقے اور چال چلن پر تھے ۔ اپنے رب کے پاس سلامت دل لے گئے یعنی توحید والا جو اللہ کو حق جانتا ہو ۔ قیامت کو آنے والی مانتا ہو ۔ مردوں کو دوبارہ جینے والا سمجھتا ہو ۔ شرک و کفر سے بیزار ہو ، دوسروں پر لعن طعن کرنے والا نہ ہو ۔ خلیل اللہ علیہ السلام نے اپنی تمام قوم سے اور اپنے سگے باپ سے صاف فرمایا کہ یہ تم کس کی پوجا پاٹ کر رہے ہو ؟ اللہ کے سوا دوسروں کی عبادت چھوڑ دو اپنے ان جھوٹ موٹھ کے معبودوں کی عبادت چھوڑ دو ۔ ورنہ جان لو کہ اللہ تعالیٰ تمہارے ساتھ کیا کچھ نہ کرے گا اور تمہیں کیسی کچھ سخت ترین سزائیں دیگا ؟