سورة الأحزاب - آیت 31

وَمَن يَقْنُتْ مِنكُنَّ لِلَّهِ وَرَسُولِهِ وَتَعْمَلْ صَالِحًا نُّؤْتِهَا أَجْرَهَا مَرَّتَيْنِ وَأَعْتَدْنَا لَهَا رِزْقًا كَرِيمًا

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اور جو تم میں سے اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے اور نیک عمل کرے گی اس کو ہم دو گنا صلہ دیں گے۔ اور ہم نے اس کے لیے رزق کریم تیار کر رکھا ہے

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

ازواج مطہرات اامہات المؤمنین کی اطاعت گزاری اور نیک کاری اس آیت میں اللہ تعالیٰ اپنے عدل و فضل کا بیان فرما رہا ہے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات سے خطاب کر کے فرما رہا ہے کہ ’ تمہاری اطاعت گزاری اور نیک کاری پر تمہیں دگنا اجر ہے اور تمہارے لیے جنت میں باعزت روزی ہے ‘ ۔ کیونکہ یہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی منزل میں ہوں گی اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی منزل اعلیٰ علیین میں ہے جو تمام لوگوں سے بالا تر ہے ۔ اسی کا نام وسیلہ ہے ۔ یہ جنت کی سب سے اعلیٰ اور سب سے اونچی منزل ہے جس کی چھت عرش اللہ ہے ۔