إِنَّمَا أُمِرْتُ أَنْ أَعْبُدَ رَبَّ هَٰذِهِ الْبَلْدَةِ الَّذِي حَرَّمَهَا وَلَهُ كُلُّ شَيْءٍ ۖ وَأُمِرْتُ أَنْ أَكُونَ مِنَ الْمُسْلِمِينَ
” مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں اس شہر کے رب کی عبادت کروں جس نے اسے حرمت بخشی اور ہر چیز اسی کے لیے ہے اور مجھے حکم دیا گیا ہے کہ مسلم بن کر رہوں۔“
اللہ تعالٰی کا حکم ، اعلان اللہ تعالیٰ اپنے نبی محترم صلی اللہ علیہ وسلم سے فرماتا ہے کہ آپ لوگوں میں اعلان کر دیں کہ میں اس شہر مکہ کے رب کی عبادت کا اور اس کی فرمانبرداری کا مامور ہوں ۔ جیسے ارشاد ہے «قُلْ یَا أَیٰہَا النَّاسُ إِن کُنتُمْ فِی شَکٍّ مِّن دِینِی فَلَا أَعْبُدُ الَّذِینَ تَعْبُدُونَ مِن دُونِ اللہِ وَلٰکِنْ أَعْبُدُ اللہَ الَّذِی یَتَوَفَّاکُمْ ۖ وَأُمِرْتُ أَنْ أَکُونَ مِنَ الْمُؤْمِنِینَ» ۱؎ (10-یونس:104) ’ کہ اے لوگو ! اگر تمہیں میرے دین میں شک ہے تو ہواکرے میں توجن کی تم عبادت کر رہے ہو ان کی عبادت ہرگز نہیں کرونگا ۔ میں اسی اللہ کا عابد ہوں جو تمہاری زندگی موت کا مالک ہے ۔ ‘ یہاں مکہ شریف کی طرف ربوبیت کی اضافت صرف بزرگی اور شرافت کے اظہار کے لیے ہے جیسے فرمایا «فَلْیَعْبُدُوا رَبَّ ہٰذَا الْبَیْتِ * الَّذِی أَطْعَمَہُم مِّن جُوعٍ وَآمَنَہُم مِّنْ خَوْفٍ » ۱؎ (106-قریش:4-3) ’ انہیں چاہیئے کہ اس شہر کے رب کی عبادت کریں جس نے انہیں اوروں کی بھوک کے وقت آسودہ اور اوروں کے خوف کے وقت بےخوف کررکھا ہے ۔ ‘ یہاں فرمایا کہ اس شہر کو حرمت وعزت والا اس نے بنایا ہے ۔ جیسے بخاری و مسلم میں ہے کہ { رضی اللہ عنہ قیامت آ جائے نہ اس کے کانٹے کاٹے جائیں نہ اس کا شکار خوف زدہ کیا جائے نہ اس میں گری پڑی کسی کی چیز اٹھائی جائے ہاں جو پہچان کر مالک کو پہنچانا چاہے اس کے لیے جائز ہے ۔ اس کی گھاس بھی نہ کاٹی جائے ۔ } ۱؎ (صحیح بخاری:1349) یہ حدیث بہت سی کتابوں میں بہت سی سندوں کے ساتھ مروی ہے جیسے کہ احکام کی کتابوں میں تفصیل سے موجود ہے ۔«وَاللہُ اَعْلَمُ» پھر اس خاص چیز کی ملکیت ثابت کر کے اپنی عام ملکیت کا ذکر فرماتا ہے کہ ہرچیز کا رب اور مالک وہی ہے ۔ اس کے سوا نہ کوئی مالک نہ معبود ۔ اور مجھے یہ حکم بھی ملا ہے کہ میں موحد مخلص مطیع اور فرمانبردار ہو کر رہوں ۔ اور مجھے یہ بھی فرمایا گیا کہ میں لوگوں کو اللہ کا کلام پڑھ کر سناؤں ۔ جیسے فرمان ہے «کہذٰلِکَ نَتْلُوہُ عَلَیْکَ مِنَ الْآیَاتِ وَالذِّکْرِ الْحَکِیمِ» ۱؎ (3-آل عمران:58) ’ ہم یہ آیتیں اور یہ حکمت والا ذکر تیرے سامنے تلاوت کرتے ہیں ۔ ‘ اور آیت «نَتْلُو عَلَیْکَ مِن نَّبَإِ مُوسَیٰ وَفِرْعَوْنَ بِالْحَقِّ لِقَوْمٍ یُؤْمِنُونَ » ۱؎ (28-القصص:3) میں ہے ’ ہم تجھے موسیٰ اور فرعون کا صحیح واقعہ سناتے ہیں ۔ ‘ مطلب یہ ہے کہ میں اللہ کامبلغ ہوں میں تمہیں جگا رہا ہوں ۔ تمہیں ڈرا رہا ہوں ۔ اگر میری مان کر راہ راست پر آؤ گے تو اپنا بھلاکرو گے ۔ اور اگر میری نہ مانی تو میں اپنے تبلیغ کے فرض کو ادا کر کے سبکدوش ہو گیا ہوں ۔ اگلے رسولوں نے بھی یہی کیا تھا اللہ کا کلام پہنچاکر اپنا دامن پاک کر لیا ۔ جیسے فرمان ہے «وَإِن مَّا نُرِیَنَّکَ بَعْضَ الَّذِی نَعِدُہُمْ أَوْ نَتَوَفَّیَنَّکَ فَإِنَّمَا عَلَیْکَ الْبَلَاغُ وَعَلَیْنَا الْحِسَابُ» ۱؎ (13-الرعد:40) ’ تجھ پر صرف پہنچادینا ہے حساب ہمارے ذمہ ہے ۔ ‘ اور فرمایا «إِنَّمَا أَنتَ نَذِیرٌ ۚ وَ اللہُ عَلَیٰ کُلِّ شَیْءٍ وَکِیلٌ » ۱؎ (11-ہود:12) ’ تو صرف ڈرا دینے والا ہے اور ہرچیز پر وکیل اللہ ہی ہے ۔ ‘ اللہ کے لیے تعریف ہے جو بندوں کی بیخبری میں انہیں عذاب نہیں کرتا بلکہ پہلے اپنا پیغام پہنچاتا ہے اپنی حجت تمام کرتا ہے بھلا برا سمجھا دیتا ہے ۔ ہم تمہیں ایسی آیتیں دکھائیں گے کہ تم خود قائل ہو جاؤ ۔ جیسے فرمایا آیت «سَنُرِیْہِمْ اٰیٰتِنَا فِی الْاٰفَاقِ وَفِیْٓ اَنْفُسِہِمْ حَتّٰی یَتَبَیَّنَ لَہُمْ اَنَّہُ الْحَقٰ ۭ اَوَلَمْ یَکْ فِبِرَبِّکَ اَنَّہٗ عَلٰی کُلِّ شَیْءٍ شَہِیْدٌ» ۱؎ (41-فصلت:53) ’ یعنی ہم انہیں خود ان کے نفسوں میں اور ان کے اردگرد ایسی نشانیاں دکھائیں گے کہ جن سے ان پر حق ظاہر ہو جائے ۔ اللہ تعالیٰ تمہارے کرتوت سے غافل نہیں بلکہ اس کا علم ہر چھوٹی بڑی چیز کا احاطہٰ کئے ہوئے ہے ۔ ‘ { نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے دیکھو لوگو ! اللہ کو کسی چیز سے اپنے عمل سے غافل نہ جاننا ۔ وہ ایک ایک مچھر سے ایک ایک پتنگے سے اور ایک ایک ذرے سے باخبر ہے ۔ } عمربن عبدالعزیز رحمہ اللہ سے مروی ہے کہ اگر وہ غافل ہوتا تو انسان کے قدموں کے نشان سے جنہیں ہوا مٹادیتی ہے غفلت کر جاتا لیکن وہ ان نشانات کا بھی حافظ ہے اور عالم ہے ۔ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ اکثر ان دو شعروں کو پڑھتے تھے جو یا تو آپ کے ہیں یا کسی اور کے ۔ «اذا ماخلوت الدھر یوما فلا تقل» * « خلوت ولکن قل علی رقیب » یعنی جب تو کسی وقت بھی خلوت اور تنہائی میں ہو تو اپنے آپ کو تنہا اور اکیلا نہ سمجھنا بلکہ اپنے اللہ کو وہاں حاضر ناظر جاننا ۔ وہ ایک ساعت بھی کسی سے غافل نہیں نہ کوئی مخفی اور پوشیدہ چیز اس کے علم سے باہر ہے ۔ اللہ کے ۔ فضل و کرم سے سورۃ النمل کی تفسیر ختم ہوئی ۔