وَلِلَّهِ يَسْجُدُ مَن فِي السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ طَوْعًا وَكَرْهًا وَظِلَالُهُم بِالْغُدُوِّ وَالْآصَالِ ۩
” اور آسمانوں او زمین میں جو بھی ہے خوشی اور ناخوشی اللہ ہی کو سجدہ کررہا ہے، اور ان کے سائے بھی صبح اور شام سجدہ کرتے ہیں۔“
عظمت وسطوت الہٰی اللہ تعالیٰ اپنی عظمت وسلطنت کو بیان فرما رہا ہے کہ ’ ہر چیز اس کے سامنے پست ہے اور ہر ایک اس کی سرکار میں اپنی عاجزی کا اظہار کرتی ہے ۔ مومن خوشی سے اور کافر بزور اس کے سامنے سجدہ میں ہے ۔ ان کی پرچھائیں صبح شام اس کے سامنے جھکتی رہتی ہے ‘ ۔ «اصال» جمع ہے «اصیل» کی ۔ اور آیت میں بھی اس کا بیان ہوا ہے ۔ فرمان ہے آیت «اَوَلَمْ یَرَوْا اِلٰی مَا خَلَقَ اللّٰہُ مِنْ شَیْءٍ یَّتَفَیَّؤُا ظِلٰلُہٗ عَنِ الْیَمِیْنِ وَالشَّمَایِٕلِ سُجَّدًا لِّلّٰہِ وَہُمْ دٰخِرُوْنَ» ۱؎ (16-النحل:48) یعنی ’ کیا انہوں نے نہیں دیکھا کہ تمام مخلوق اللہ کے سامنے دائیں بائیں جھک کر اللہ کو سجدہ کرتے ہیں اور اپنی عاجزی کا اظہار کرتے ہیں ‘ ۔