سورة الرعد - آیت 7

وَيَقُولُ الَّذِينَ كَفَرُوا لَوْلَا أُنزِلَ عَلَيْهِ آيَةٌ مِّن رَّبِّهِ ۗ إِنَّمَا أَنتَ مُنذِرٌ ۖ وَلِكُلِّ قَوْمٍ هَادٍ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اور جن لوگوں نے انکار کیا، کہتے ہیں اس کے رب کی طرف سے اس پر کوئی نشانی کیوں نہ اتاری گئی ؟ آپ تو صرف ڈرانے والے ہیں اور ہر قوم کے لیے ایک رہنما ہوتا ہے۔“

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

اعتراض برائے اعتراض کافر لوگ ازروئے اعتراض کہا کرتے تھے کہ جس طرح اگلے پیغمبر معجزے لے کر آئے ، یہ پیغمبر کیوں نہیں لائے ؟ مثلاً صفا پہاڑ سونے کا بنا دیتے یا مثلاً عرب کے پہاڑ یہاں سے ہٹ جاتے اور یہاں سبزہ اور نہریں ہو جاتیں ۔ پس ان کے جواب میں اور جگہ ہے کہ «وَمَا مَنَعَنَا أَن نٰرْسِلَ بِالْآیَاتِ إِلَّا أَن کَذَّبَ بِہَا الْأَوَّلُونَ وَآتَیْنَا ثَمُودَ النَّاقَۃَ مُبْصِرَۃً فَظَلَمُوا بِہَا وَمَا نُرْسِلُ بِالْآیَاتِ إِلَّا تَخْوِیفًا» ۱؎ (17-الاسراء:59) ’ ہم یہ معجزے بھی دکھا دیتے مگر اگلوں کی طرح ان کی جھٹلانے پر پھر اگلوں جیسے ہی عذاب ان پر آ جاتے ۔ تو ان کی باتوں سے مغموم ومتفکر نہ ہو جایا کر ، تیرے ذمے تو صرف تبلیغ ہی ہے تو ہادی نہیں ، ان کے نہ ماننے سے تیری پکڑ نہ ہو گی ‘ ۔ «لَّیْسَ عَلَیْکَ ہُدَاہُمْ وَلٰکِنَّ اللہَ یَہْدِی مَن یَشَاءُ» ۱؎ (2-البقرہ:272) ’ ہدایت اللہ کے ہاتھ ہے ، یہ تیرے بس کی بات نہیں ہر قوم کے لیے رہبر اور داعی ہے ‘ ۔ یا یہ مطلب ہے کہ ’ ہادی میں ہوں تو تو ڈرانے والا ہے ‘ ۔ اور آیت میں ہے «وَاِنْ مِّنْ اُمَّۃٍ اِلَّا خَلَا فِیْہَا نَذِیْرٌ» ۱؎ (35-فاطر:24) ’ ہر امت میں ڈرانے والا گزرا ہے ‘ اور مراد یہاں ہادی سے پیغمبر ہے ۔ پس پیشوا رہبر ہر گروہ میں ہوتا ہے ، جس کے علم وعمل سے دوسرے راہ پا سکیں ، اس امت کے پیشوا نبی کریم محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں ۔ ایک نہایت ہی منکر واہی روایت میں ہے کہ { اس آیت کے اترنے کے وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے سینہ پر ہاتھ رکھ کے فرمایا : { منذر تو میں ہوں } اور علی رضی اللہ عنہ کے کندھے کی طرف اشارہ کر کے فرمایا : { اے علی ! تو ہادی ہے ، میرے بعد ہدایات پانے والے تجھ سے ہدایت پائیں گے } } ۔ ۱؎ (تفسیر ابن جریر الطبری:20161:قال الشیخ الألبانی:موضوع) سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ ” اس جگہ ہادی سے مراد قریش کا ایک شخص ہے “ ۔ جنید کہتے ہیں وہ علی رضی اللہ عنہ خود ہیں ۔ ابن جریر رحمہ اللہ نے سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے ہادی ہونے کی روایت کی ہے لیکن اس میں سخت نکارت ہے ۔