سورة یونس - آیت 24

إِنَّمَا مَثَلُ الْحَيَاةِ الدُّنْيَا كَمَاءٍ أَنزَلْنَاهُ مِنَ السَّمَاءِ فَاخْتَلَطَ بِهِ نَبَاتُ الْأَرْضِ مِمَّا يَأْكُلُ النَّاسُ وَالْأَنْعَامُ حَتَّىٰ إِذَا أَخَذَتِ الْأَرْضُ زُخْرُفَهَا وَازَّيَّنَتْ وَظَنَّ أَهْلُهَا أَنَّهُمْ قَادِرُونَ عَلَيْهَا أَتَاهَا أَمْرُنَا لَيْلًا أَوْ نَهَارًا فَجَعَلْنَاهَا حَصِيدًا كَأَن لَّمْ تَغْنَ بِالْأَمْسِ ۚ كَذَٰلِكَ نُفَصِّلُ الْآيَاتِ لِقَوْمٍ يَتَفَكَّرُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” دنیا کی زندگی کی مثال تو بس اس پانی کی سی ہے جسے ہم نے آسمان سے اتارا تو اس کے ساتھ زمین کی نباتات خوب گنجان ہوگئی، جس سے انسان اور چوپائے کھاتے ہیں، یہاں تک کہ جب زمین شاداب اور خوب مزین ہوگئی اور اس کے رہنے والے گمان کر بیٹھے کہ یقیناً وہ اس پر قادر ہیں تو رات یا دن کے وقت اس پر ہمارا حکم آگیا تو ہم نے اسے جڑ سے کاٹ کر رکھ دیا، جیسے وہ کل تھی ہی نہیں۔ اسی طرح ہم ان لوگوں کے لیے نشانیاں مفصل بیان کرتے ہیں جو سوچتے ہیں۔“ (٢٤)

ابن کثیر - حافظ عماد الدین ابوالفداء ابن کثیر صاحب

دنیا اور اس کی حقیقت دنیا کی ٹیپ ٹاپ اور اس کی دو گھڑی کی سہانی رونق پھر اس کی بربادی اور بے رونقی کی مثال زمین کے سبزے سے دی جا رہی ہے کہ بادل سے پانی برسا زمین لہلہا اُٹھی ، طرح طرح کی سبزیاں ، چارے ، پھل پھول ، کھیت باغات ، پیدا ہو گئے ۔ انسانوں کے کھانے کی چیزں ، جانوروں کے چرنے چگنے کی چیزیں ، چاروں طرف پھیل پڑیں ، زمین سرسبز ہو گئی ، ہر چہار طرف ہریالی ہی ہریالی نظر آنے لگی ، کھیتی والے خوش ہوگئے ، باغات والے پھولے نہیں سماتے کہ اب کے پھل اور انجاج بکثرت ہے ۔ ناگہاں آندھیوں کے جھکڑ چلنے لگلے ، برف باری ہوئی ، اولے گرے ، پالہ پڑا ، پھل چھوڑ پتے بھی جل گئے ۔ درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ، تازگی خشکی سے بدل گئی ، پھل ٹھٹھر گئے ۔ ، جل گئے ، کھیت و باغات ایسے ہو گئے گویا تھے ہی نہیں اور جو چیز کل تھی بھی آج نہیں تو گویا کل بھی نہ تھی ۔ حدیث میں ہے { بڑے دنیادار کروڑ پتی کو جو ہمیشہ ناز و نعمت میں ہی رہا تھا ، لا کر جہنم میں ایک غوطہٰ دے کر پھر اس سے پوچھا جائے گا کہ کہو تمہاری زندگی کیسی گزری ؟ وہ جواب دے گا کہ میں نے تو کبھی کوئی راحت نہیں دیکھی ۔ کبھی آرام کا نام بھی نہیں سنا ۔ اسی طرح دنیا کی زندگی میں ایک گھڑی بھی جس پر آرام کی نہیں گزری تھی اسے لایا جائے گا ۔ جنت میں ایک غوطہٰ کھلا کر پوچھا جائے گا کہ کہو دنیا میں کیسے رہے ؟ جواب دے گا کہ پوری عمر کبھی رنج و غم کا نام بھی نہیں سنا کبھی تکلیف اور دکھ دیکھا بھی نہیں } } ۔ (صحیح مسلم:2807) اللہ تعالیٰ اسی طرح عقلمندوں کے لیے واقعات واضح کرتا ہے تاکہ وہ عبرت حاصل کر لیں ۔ ایسا نہ ہو اس فانی چند روزہ دنیا کے ظاہری چکر میں پھنس جائیں اور اس ڈھل جانے والے سائے کو اصلی اور پائیدار سمجھ لیں ۔ اس کی رونق دو روزہ ہے ۔ یہ وہ چیز ہے جو اپنے چاہنے والوں سے بھاگتی ہے اور نفرت کرنے والوں سے لپٹتی ہے ۔ دنیا کی زندگی کی مثال اسی طرح ہے اور بھی بہت سی آیتوں میں بیان ہوئی ہے ۔ مثلاً سورۃ الکہف کی آیت «وَاضْرِبْ لَہُمْ مَّثَلَ الْحَیٰوۃِ الدٰنْیَا کَمَاءٍ اَنْزَلْنٰہُ مِنَ السَّمَاءِ فَاخْتَلَطَ بِہٖ نَبَاتُ الْاَرْضِ فَاَصْبَحَ ہَشِیْمًا تَذْرُوْہُ الرِّیٰحُ وَکَان اللّٰہُ عَلٰی کُلِّ شَیْءٍ مٰقْتَدِرًا» ۱؎ (18-الکہف:45) میں اور سورۃ الزمر اور سورۃ الحدید میں ۔ خلیفہ مروان بن حکم نے منبر پر آیت «وَازَّیَّنَتْ وَظَنَّ أَہْلُہَا أَنَّہُمْ قَادِرُونَ عَلَیْہَا وَمَا کَانَ اللہُ لِیُہْلِکَہَا إِلا بِذُنُوبِ أَہْلِہَا» پڑھ کر فرمایا میں نے تو اسی طرح پڑھی ہے لیکن قرآن میں یہ لکھی ہوئی نہیں ۔ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہ کے صاحبزادے نے فرمایا ” میرے والد بھی اسی طرح پڑھتے تھے “ ۔ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہ کے پاس جب آدمی بھیجا گیا تو آپ رضی اللہ عنہ نے فرمایا ” سیدنا ابی بن کعب رضی اللہ عنہ کی قرآت بھی یونہی ہے ، لیکن یہ قرأت غریبہ ہے “ ۔ (تفسیر ابن جریر الطبری:17616:سخت ضعیف) اس کی سند اور گویا یہ جملہ تفسیر یہ ہے «وَاللہُ اَعْلَمُ» ۔ اللہ تعالیٰ سلامتی کے گھر کی طرف اپنے بندوں کو بلاتا ہے جو دنیا کی طرف فانی نہیں بلکہ باقی ہے دنیا کی طرف دو دن کے لیے زینت دار نہیں بلکہ ہمیشہ کی نعمتوں اور ابدی راحتوں والی ہے ۔ { نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں { مجھ سے کہا گیا تیری آنکھیں سو جائیں ، تیرا دل جاگتا رہے اور تیرے کان سنتے رہیں چنانچہ ایسا ہی ہوا } ۔ پھر فرمایا گیا { ایک سردار نے ایک گھر بنایا ۔ وہاں دعوت کا انتظام کیا ۔ ایک بلانے والے کو بھیجا ۔ پس جس نے اس کی دعوت قبول کی ۔ گھر میں داخل ہوا اور دستر خوان سے کھانا کھایا جس نے نہ قبول کی نہ اسے اپنے گھر میں آٹا ملا نہ دعوت کا کھانا میسر ہوا نہ سردار اس سے خوش ہوا ۔ پس اللہ سردار ہے اور گھر اسلام ہے اور دستر خوان جنت ہے اور بلانے والے محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہیں } } یہ روایت مرسل ہے ۔ دوسری متصل بھی ہے ، اس میں ہے کہ{ ایک دن ہمارے مجمع میں آکر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا { خواب میں میرے پاس جبرائیل و میکائیل علیہم السلام آئے جبرائیل سرہانے اور میکائیل پیروں کی طرف کھڑے ہوگئے ۔ ایک نے دوسرے سے کہا اس کی مثال بیان کرو ۔ پھر یہ مثال بیان کی ۔ پس جس نے تیری دعوت قبول کی وہ اسلام میں داخل ہوا اور جو اسلام لایا وہ جنت میں پہنچا اور و وہاں کھایا پیا } } ۔ ۱؎ (سنن ترمذی:2860،قال الشیخ الألبانی:ضعیف) ایک حدیث میں ہے { ہر دن سورج کے طلوع ہونے کے وقت اس کے دونوں جانب دو فرشتے ہوتے ہیں جو باآواز بلند انسانوں اور جنوں کے سوا سب کو سنا کر کہتے ہیں کہ لوگو ! اپنے رب کی طرف آؤ ۔ جو کم ہو یا کافی ہو وہ بہتر ہے اس سے جو زیادہ ہو اور غافل کر دے ۔ قرآن فرماتا ہے لوگو ! اللہ تعالیٰ تمہیں دارالسلام کی طرف بلاتا ہے } ۔ (تفسیر ابن جریر الطبری:17623:صحیح)