وَلَا يَحْسَبَنَّ الَّذِينَ كَفَرُوا سَبَقُوا ۚ إِنَّهُمْ لَا يُعْجِزُونَ
اور جن لوگوں نے کفر کیا ہرگز گمان نہ کریں کہ وہ بچ نکلیں گے بے شک وہ عاجز نہیں کرسکتے۔“ (٥٩)
کفار کے مقابلہ کے ہر وقت تیار رہو اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ’ کافر لوگ یہ نہ سمجھیں کہ وہ ہم سے بھاگ نکلے ہم ان کی پکڑ پر قادر نہیں بلکہ وہ ہر وقت ہمارے قبضہ قدرت میں ہیں وہ ہمیں ہرا نہیں سکتے۔ ‘ اور آیت میں ہے«أَمْ حَسِبَ الَّذِینَ یَعْمَلُونَ السَّیِّئَاتِ أَن یَسْبِقُونَا ۚ سَاءَ مَا یَحْکُمُونَ » ۱؎ ( 29-العنکبوت : 4 ) ’ برائیاں کرنے والے ہم سے آگے بڑھ نہیں سکتے ۔‘ اور جگہ فرماتا ہے« لَا تَحْسَبَنَّ الَّذِینَ کَفَرُوا مُعْجِزِینَ فِی الْأَرْضِ ۚ وَمَأْوَاہُمُ النَّارُ ۖ وَلَبِئْسَ الْمَصِیرُ» ۱؎ ( 24-النور : 57 ) ’ کافر ہمیں یہاں ہرا نہیں سکتے وہاں کا ٹھکانا آگ ہے جو بدترین جگہ ہے‘ اور فرمان ہے« لَا یَغُرَّنَّکَ تَقَلٰبُ الَّذِینَ کَفَرُوا فِی الْبِلَادِ مَتَاعٌ قَلِیلٌ ثُمَّ مَأْوَاہُمْ جَہَنَّمُ ۚ وَبِئْسَ الْمِہَادُ» ۱؎ ( 3-آل عمران : 196 ، 197 ) ’ کافروں کا شہروں میں آنا جانا چلنا پھرنا کہیں تجھے دھوکے میں نہ ڈال دے ۔ یہ تو سب آنی جانی چیزیں ہیں ان کا ٹھکانا دوزخ ہے جو بدترین گود ہے ۔‘ پھر مسلمانوں کو حکم دیتا ہے کہ اپنی طاقت و امکان کے مطابق ان کفار کے مقابلے کے لیے ہر وقت مستعد رہو جو قوت طاقت گھوڑے ، لشکر رکھ سکتے ہیں موجود رکھو ۔ مسند میں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے منبر پر قوت کی تفسیر تیر اندازی سے کی اور دو مرتبہ یہی فرمایا: { تیر اندازی کیا کرو سواری کیا کرو اور تیر اندازی گھوڑ سواری سے بہتر ہے ۔} ۱؎ (صحیح مسلم:1917) فرماتے ہیں { گھوڑوں کے پالنے والے تین قسم کے ہیں ایک تو اجر و ثواب پانے والے ، ایک نہ تو ثواب نہ عذاب پانے والے ایک عذاب بھگتنے والے ۔ جو جہاد کے ارادے سے پالے اس کے گھوڑے کا چلنا پھرنا تیرنا ، چگنا باعث ثواب ہے یہاں تک کہ اگر وہ اپنی رسی توڑ کر کہیں چڑھ جائے تو بھی اس کے نشانات قدم اور اس کی لید پر اسے نیکیاں ملتی ہیں کسی نہر پر گزارتے ہوئے وہ پانی پی لے اگرچہ مجاہد نے پلانے کا ارادہ نہ بھی کیا ہو تاہم اسے نیکیاں ملتی ہیں ۔ پس یہ گھوڑا تو اس کے پالنے والے کے لیے بڑے اجرو ثواب کا ذریعہ ہے ۔ اور جس شخص نے گھوڑا اس نیت سے پالا کہ وہ دوسروں سے بے نیاز ہو جائے پھر اللہ کا حق بھی اس کی گردن اور اس کی سواری میں نہیں بھولا یہ اس کے لیے جائز ہے یعنی نہ اسے اجر نہ اسے گناہ ۔ تیسرا وہ شخص جس نے فخر و ریا کے طور پر پالا اور مسلمانوں کے مقابلے کے لیے وہ اس کے ذمے و بال ہے اور اس کی گردن پر بوجھ ہے} ۱؎ (سنن ترمذی:1637،قال الشیخ الألبانی:حسن) آپصلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا گیا کہ اچھا گدھوں کے بارے میں کیا حکم ہے ؟ فرمایا: { اس کے بارے میں کوئی آیت تو اتری نہیں ہاں یہ جامع عام آیت موجود ہے کہ«فَمَن یَعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّۃٍ خَیْرًا یَرَہُ وَمَن یَعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّۃٍ شَرًّا یَرَہُ » ۱؎ ( 99- الزلزلۃ : 7 ، 8 ) ’ جو شخص ایک ذرے کے برابر نیکی کرے گا وہ اسے دیکھ لے گا اور جو کوئی ایک ذرے کے برابر بھی برائی کرے گا وہ اسے دیکھ لے گا ۔‘ } ۱؎ (صحیح بخاری:2371) یہ حدیث بخاری مسلم میں بھی ہے اور حدیث میں یہ الفاظ ہیں { گھوڑے تین طرح کے ہیں ۔ رحمان کے شیطان کے اور انسان کے ۔ اس میں ہے کی شیطانی گھوڑے وہ ہیں جو گھوڑ دوڑ کی شرطیں لگانے اور جوئے بازی کرنے کے لیے ہوں ۔} ۱؎ (مسند احمد:395/1:صحیح) اکثر علماء کا قول ہے کہ تیر اندازی گھوڑ سواری سے افضل ہے ۔ امام مالک رحمہ اللہ اس کے خلاف ہیں لیکن جمہور کا قول قوی ہے کہ کیونکہ حدیث میں آ چکا ہے ۔ حضرت معاویہ بن خدیج سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ کے پاس گئے اس وقت وہ اپنے گھوڑے کی خدمت کر رہے تھے پوچھا تمہیں یہ گھوڑا کیا کام آتا ہے ؟ فرمایا ” میرا خیال ہے کہ اس جانور کی دعا میرے حق میں قبول ہو گی ۔“ کہا جانور اور دعا ؟ فرمایا ” ہاں اللہ کی قسم ہر گھوڑا ہرصبح دعا کرتا ہے کہ اے اللہ تو نے مجھے اپنے بندوں میں سے ایک کے حوالے کیا ہے تو مجھے اس کی تمام اہل سے اور مال سے اور اولاد سے زیادہ محبوب بنا کر اس کے پاس رکھ ۔“۱؎ (مسند احمد:162/5:صحیح) ایک مرفوع حدیث میں ہے کہ ہر عربی گھوڑے کو ہر صبح دو دعائیں کرنے کی اجازت ملتی ہے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں { گھوڑوں کی پیشانیوں میں بھلائی بندھی ہوئی ہے گھوڑوں والے اللہ کی مدد میں ہیں اسے نیک نیتی سے جہاد کے ارادے سے پالنے والا ایسا ہے جیسے کوئی شخص ہر وقت ہاتھ بڑھاکر خیرات کرتا رہے ۔} ۱؎ (سنن ابوداود:4089،قال الشیخ الألبانی:صحیح موقوف) اور بھی حدیثیں اس بارے میں بہت سی ہیں ۔ صحیح بخاری شریف میں بھلائی کی تفصیل ہے کہ { اجر اور غنیمت ۔} ۱؎ (صحیح بخاری:2850) فرماتا ہے ’ اس سے تمہارے دشمن خوف زدہ اور ہیبت خوردہ رہیں گے ان ظاہری مقابلے کے دشمنوں کے علاوہ اور دشمن بھی ہیں۔ ‘ یعنی بنو قریظہ ، فارس اور محلوں کے شیاطین ۔ ایک مرفوع حدیث میں بھی ہے کہ اس سے مراد جنات ہیں ۔ ایک منکر حدیث میں ہے جس گھر میں کوئی آزاد گھوڑا ہو وہ گھر کبھی بد نصیب نہیں ہو گا۔ ۱؎ (طبرانی کبیر:ضعیف189/17) لیکن اس روایت کی تو سند ٹھیک ہے نہ یہ صحیح ہے ۔ اور اس سے مراد منافق بھی لی گئی ہے ۔ اور یہی قول زیادہ مناسب بھی ہے جیسے فرمان الٰہی ہے« وَمِمَّنْ حَوْلَکُمْ مِّنَ الْاَعْرَابِ مُنٰفِقُوْنَ وَمِنْ اَھْلِ الْمَدِیْنَۃِ ڀ مَرَدُوْا عَلَی النِّفَاقِ ۣ لَا تَعْلَمُھُمْ ۭ نَحْنُ نَعْلَمُھُمْ ۭ سَنُعَذِّبُھُمْ مَّرَّتَیْنِ ثُمَّ یُرَدٰوْنَ اِلٰی عَذَابٍ عَظِیْمٍ» ۱؎ ( 9- التوبہ : 101 ) ’ تمہارے چاروں طرف دیہاتی اور شہری منافق ہیں جنہیں تم نہیں جانتے لیکن ہم ان سے خوب واقف ہیں ۔‘ پھر ارشاد ہے کہ ’ جہاد میں جو کچھ تم خرچ کرو گے اس کا پورا بدلہ پاؤ گے ۔‘ ابوداؤد میں ہے کہ ایک درہم کا ثواب سات سو گنا کر کے ملے گا۔ ۱؎ (سنن ابوداود:2498،قال الشیخ الألبانی:ضعیف) جیسے کہ« مَثَلُ الَّذِیْنَ یُنْفِقُوْنَ اَمْوَالَھُمْ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ کَمَثَلِ حَبَّۃٍ اَنْۢبَتَتْ سَـبْعَ سَـنَابِلَ فِیْ کُلِّ سُنْۢبُلَۃٍ مِّائَۃُ حَبَّۃٍ ۭوَاللّٰہُ یُضٰعِفُ لِمَنْ یَّشَاۗءُ ۭ وَاللّٰہُ وَاسِعٌ عَلِیْمٌ » ۱؎ ( 2- البقرۃ : 261 ) اتری تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ { وہ بھی جو سوال کرے چاہے وہ کسی دین کا ہو اس کے ساتھ حسن سلوک کرو ۔} ۱؎ (تفسیر ابن ابی حاتم:9114/5:ضعیف) یہ روایت غریب ہے ابن ابی حاتم نے اسے روایت کیا ہے ۔