سورة الأحقاف - آیت 11

وَقَالَ الَّذِينَ كَفَرُوا لِلَّذِينَ آمَنُوا لَوْ كَانَ خَيْرًا مَّا سَبَقُونَا إِلَيْهِ ۚ وَإِذْ لَمْ يَهْتَدُوا بِهِ فَسَيَقُولُونَ هَٰذَا إِفْكٌ قَدِيمٌ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

ایمان داروں کے بارے میں کافر کہتے ہیں کہ اگر اس کتاب کو مان لینااچھا کام ہوتا تو آپ لوگ ہم سے اس میں سبقت نہ لے جاتے، انہوں نے اس سے ہدایت نہ پائی اس لیے وہ کہتے ہیں کہ یہ تو پرانا جھوٹ ہے۔

تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح

ف 8 ’ بلکہ ہم اسے پہلے اختیار کرنے والے ہوتے۔“ یہ بات سرداران قریش مسلمانوں کے بارے میں اس لئے کہا کرتے تھے کہ وہ اپنے آپ کو معزز اور جہاں دیدہ اور مسلمانوں کو ذلیل و ناتجربہ کار سمجھتے تھے کیونکہ اس زمانہ میں آنحضرتﷺ کی پیروی اختیار کرنے والے یا تو غریب طبقہ کے لوگ تھے یا نوجوان ۔ ف 9 گویا ان کے کہنے کا مطلب یہ تھا کہ معیار حق ہم ہیں۔ اگر ہم کسی چیز کو قبول کرلیں تو وہ حق ہے ورنہ سراسر باطل جس میں پرانے زمانے سے لوگ اپنی بیوقوفی کی بدولت پھنستے رہے ہیں۔