سورة الأحزاب - آیت 53

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَدْخُلُوا بُيُوتَ النَّبِيِّ إِلَّا أَن يُؤْذَنَ لَكُمْ إِلَىٰ طَعَامٍ غَيْرَ نَاظِرِينَ إِنَاهُ وَلَٰكِنْ إِذَا دُعِيتُمْ فَادْخُلُوا فَإِذَا طَعِمْتُمْ فَانتَشِرُوا وَلَا مُسْتَأْنِسِينَ لِحَدِيثٍ ۚ إِنَّ ذَٰلِكُمْ كَانَ يُؤْذِي النَّبِيَّ فَيَسْتَحْيِي مِنكُمْ ۖ وَاللَّهُ لَا يَسْتَحْيِي مِنَ الْحَقِّ ۚ وَإِذَا سَأَلْتُمُوهُنَّ مَتَاعًا فَاسْأَلُوهُنَّ مِن وَرَاءِ حِجَابٍ ۚ ذَٰلِكُمْ أَطْهَرُ لِقُلُوبِكُمْ وَقُلُوبِهِنَّ ۚ وَمَا كَانَ لَكُمْ أَن تُؤْذُوا رَسُولَ اللَّهِ وَلَا أَن تَنكِحُوا أَزْوَاجَهُ مِن بَعْدِهِ أَبَدًا ۚ إِنَّ ذَٰلِكُمْ كَانَ عِندَ اللَّهِ عَظِيمًا

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اے لوگو جو ایمان لائے ہو نبی کے گھروں میں بلا اجازت داخل نہ ہوا کرو۔ نہ کھانے کے وقت کا انتظار کیا کرو، ہاں اگر تمہیں کھانے پر بلایا جائے تو ضرور آؤ، مگر جب کھانا کھالو تو اٹھ جایا کرو باتیں کرنے میں نہ لگے رہا کرو۔ تمہاری یہ حرکتیں نبی کو تکلیف دیتی ہیں مگر وہ حیا کی وجہ سے تمہیں کچھ نہیں کہتا اور اللہ حق بات کہنے سے نہیں شرماتا اگر نبی کی بیویوں سے تمہیں کوئی چیز مانگنا ہو تو پردے کے پیچھے سے مانگا کرو، یہ تمہارے اور ان کے دلوں کی پاکیزگی کے لیے زیادہ بہتر طریقہ ہے۔ تمہارے لیے یہ ہرگز جائز نہیں کہ اللہ کے رسول کو تکلیف دو۔ اور یہ بھی جائز نہیں کہ نبی کے بعد ان کی بیویوں سے نکاح کرو یہ اللہ کے نزدیک بہت بڑا گناہ ہے۔

تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح

ف 3 حضرت انس (رض) سے روایت ہے کہ آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے حضرت زینب (رض) کے ولیمہ پر لوگوں کو دعوت دی۔ جب کھانا کھاچکے تو بیٹھ کر باتیں کرنے لگے۔ آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اٹھنے کے لیے تیار ہوئے مگر کچھ لوگ پھر بھی بیٹھے رہے۔ حتیٰ کہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) اٹھ کر چلے گئے۔ آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) واپس تشریف لائے تو دیکھا کہ تین شخص ابھی تک بیٹھے باتوں میں مشغول ہیں۔ یہ دیکھ کر آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) واپس تشریف لے گئے۔ آخر جب وہ لوگ چلے گئے تو میں نے آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو اطلاع دی اور آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) حضرت زینب (رض) کے ہاں تشریف لائے۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی۔ ( شوکانی)۔ ف 4 اس آیت کو آیت حجاب ( پردہ کی آیت) کہا جاتا ہے۔ یہ پردہ کا مسئلہ اس آیت میں دوسرا مسئلہ ہے۔ روایات صحیحہ میں ہے کہ آیت حجاب کا نزول بھی منجملہ ان باتوں کے ہے جن میں حضرت عمر (رض) نے اپنے رب کی موافقت پائی ہے۔ صحیحین میں مروی ہے کہ حضرت عمر (رض) نے آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) سے عرض کی کہ۔۔۔۔ بہتر ہے کہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) انہیں (ازواج کو) پردہ کا حکم فرمائیں۔ اس پر یہ آیت نازل ہوئی اور یہ ذوالقعدہ 5 ھ کو حضرت زینب (رض) کی شب زفاف کی صبح کو نازل ہوئی لہٰذا اصل سبب نزول حضرت زینب (رض) کا واقعہ ہے۔ حضرت انس (رض) کہتے ہیں کہ اس حکم کے نازل ہونے کے بعد آنحضرت کی ازواج (رض) کے گھر پر پردے لٹکا دیئے گئے۔ (ابن کثیر) مطلب یہ کہ حضرتﷺ کے ازواج کسی مرد کے سامنے نہ جاویں سب مسلمانوں کی عورتوں پر یہ حکم واجب نہیں اگر عورت کسی مرد کے سامنے ہو اور اس کا پورا جسم مستورہو تو گناہ نہیں، لیکن بہتریہ ہے کہ اس حالت میں بھی سامنے نہ ہو۔ ( موضح)۔ ف 5 کیونکہ وہ دنیا و آخرت میں آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی بیویاں اور تمہاری مائیں ہیں جیسا کہ آغاز سورۃ میں گزر چکا ہے، مگر یہ حکم ان ازواج کا ہے جن کو آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے طلاق دے کر الگ نہیں کیا تھا اور آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی زندگی تک آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے حرم میں رہیں۔ یہ آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی وفات کے بعد بھی آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی حرم ہیں جن سے نکاح حرام قرار دیا گیا ہے۔ (قرطبی)۔