سورة المؤمنون - آیت 51

يَا أَيُّهَا الرُّسُلُ كُلُوا مِنَ الطَّيِّبَاتِ وَاعْمَلُوا صَالِحًا ۖ إِنِّي بِمَا تَعْمَلُونَ عَلِيمٌ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” اے پیغمبرو ! کھاؤ پاک چیزیں اور نیک عمل کرو تم جو کچھ کرتے ہو میں اس کو خوب جانتا ہوں۔

تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح

ف6۔ حضرت ابوہریرہ (رض) سے روایت ہے کہ آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے فرمایا : اللہ تعالیٰ نے جو حکم رسولوں (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو دیا ہے وہی حکم اہل ایمان کو دیا ہے۔ پھر آپ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے یہ آیت تلاوت کر کے فرمایا : ایک شخص دور دراز کا سفر طے کر رہا ہے اور اس کے بال اور کپڑے گرد سے اٹے ہوئے ہیں مگر اس کا کھانا حرام کا ہے، پینا حرام کا ہے، لباس حرام کا ہے۔ وہ آسمان کی طرف ہاتھ اٹھا اٹھا کر دعا کرتا ہے : اے میرے رب ! اے میرے رب، مگر اس کی دعا قبول کیونکر ہو؟ (شوکانی)