حَتَّىٰ إِذَا بَلَغَ بَيْنَ السَّدَّيْنِ وَجَدَ مِن دُونِهِمَا قَوْمًا لَّا يَكَادُونَ يَفْقَهُونَ قَوْلًا
یہاں تک کہ جب دونوں پہاڑوں کے درمیان جا پہنچا اسے ان کے قریب ایک قوم ملی جو مشکل سے کوئی بات سمجھ سکتی تھی۔
ف 12 یعنی ایک اور سمت سفر شروع کیا۔ یہ تیسرا سفر مشرق و مغرب کے علاوہ کسی سمت تھا؟ مفسرین عموماً اسے شمال کی سمت قرار دیتے ہیں کیونکہ یاجوج ماجوج جو ترک سے ایک قوم ہے اس کا مسکن اقصی شمال ہے مگر قرآن و حدیث میں اس کی تصریح نہیں۔( شوکانی کبیر) ف 13 یعنی ایک ایسی جگہ پہنچا جہاں دائیں بائیں دو پہاڑ تھے جن پر چڑھنا ممکن نہ تھا البتہ دونوں پہاڑوں کے درمیان ایک گھاٹی (وره) تھی جس کے ذریعے ادھر سے اُدھر اور اُدھر سےادھرنقل و حرکت ممکن تھی۔ اس جگہ سے مراد بعض مفسرین وہ علاقہ لیتے ہیں جہاں ترکوں کا ملک ختم ہوتا اور بعض آرمینیہ اور آذربائیجان کے درمیان کا علاقہ مگر ان بیانات پردلی اطمینان حاصل نہیں ہوتا۔ واللہ علم۔