سورة الرعد - آیت 39

يَمْحُو اللَّهُ مَا يَشَاءُ وَيُثْبِتُ ۖ وَعِندَهُ أُمُّ الْكِتَابِ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

”اللہ مٹا دیتا ہے جو چاہتا ہے اور ثا بت رکھتا ہے جسے چاہتا ہے اور اسی کے پاس اصل کتاب ہے“

تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح

ف 3۔ پس اپنی حکمت کے مطابق جن احکام کو چاہتا ہے منسوخ قرار دیدتا ہے اور جن کو چاہتا ہے باقی رکھتا ہے۔ (روح)۔ ف 4۔ یا اس سے مراد اللہ تعالیٰ کا علم ازلی ہے جس میں کسی قسم کا ردو بدل نہیں ہوتا۔ نیز جملہ احادیث و آثار کو سامنے رکھ کر علما نے لکھا ہے کہ قضائے مبرم میں تغیر و تبدیل نہیں ہوتا جو ” ‌جَفَّ ‌الْقَلَمُ ‌بِمَا ‌هُوَ كَائِنٌ “ سے عبارت ہے۔ ہاں تبدیلی جو کچھ ہوتی ہے اور محوواثبات (جن میں نسخ احکام بھی داخل ہے) جو کچھ ہوتا ہے وہ تقدیر معلق میں ہوتا ہے۔ چنانچہ شاہ صاحب (رح) لکھتے ہیں۔ دنیا میں ہر چیز اسباب سے ہے بعض اسباب ظاہر ہیں اور بعض چھپے ہیں۔ اسباب کی تاثیر کا ایک اندازہ مقرر ہے۔ جب اللہ چاہے، ان کی تاثیر انداز سے کم زیادہ کردے اور جب چاہے ویسی ہی رکھے۔ آدمی کبھی کنکر سے مرتا ہے اور گولی سے بچتا ہے۔ اور ایک اندازہ ہر چیز کا اللہ کے علم میں ہے وہ ہرگز نہیں بدلتا۔ اندازے کو تقدیر کہتے ہیں۔ یہ دو تقدیریں ہوئیں، ایک بدلتی ہے(تقدیر تاثیراسباب)اور ایك نهیں بدلتی(یعنی علم الٰہی) کذافی الموضح وللتفصیل مقام آخر۔ (دیکھئے رازی)۔