سورة ھود - آیت 91

قَالُوا يَا شُعَيْبُ مَا نَفْقَهُ كَثِيرًا مِّمَّا تَقُولُ وَإِنَّا لَنَرَاكَ فِينَا ضَعِيفًا ۖ وَلَوْلَا رَهْطُكَ لَرَجَمْنَاكَ ۖ وَمَا أَنتَ عَلَيْنَا بِعَزِيزٍ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” انہوں نے کہا اے شعیب ! ہم تیری بہت سی باتیں نہیں سمجھتے جو تو کہتا ہے اور یقیناً ہم تجھے اپنے درمیان بہت کمزور دیکھتے ہیں اور اگر تیرا قبیلہ نہ ہوتا تو ہم ضرورتجھے سنگسار کردیتے اور تو ہم پر ہرگز غالب نہ آسکتا۔“

تفسیر اشرف الہواشی - محمد عبدہ لفلاح

ف 3۔ یہ بات انہوں نے یا استہزا اور تحقیر کے انداز میں کہی یا خدا کی نافرمانی کرتے کرتے ان کے ذہن اس قدر مسخ ہوچکے تھے کہ حضرت شعیب ( علیہ السلام) کی سیدھی باتیں بھی واقعی ان کے ذہن میں نہ آتی تھیں حالانکہ حضرت شعیب ( علیہ السلام) نہ کسی غیر زبان میں گفتگو کرتے تھے اور نہ ان کا انداز بیان ہی پیچیدہ اور الجھا ہوا تھا بلکہ حضرت شعیب ( علیہ السلام) اپنی فصیح البیانی کی وجہ سے ” خطیب الانبیاء ( علیہ السلام) “ کے لقب سے پکارے جاتے ہیں۔ (ابن کثیر)۔ ف 4۔ نہ تیرے پاس فوج ہے، نہ حکومت اور نہ کرّو فر۔ ف 5۔ جو ہمارے دین پر ہیں لیکن تیری پشت پناہی کر رہے ہیں۔ ف 6۔ جس زمانہ میں یہ آیات نازل ہوئیں، بالکل وہی صورت حال نبی ﷺ کو مکہ معظمہ میں درپیش تھی۔ قریش آپﷺ کے خون کے پیاسے ہو رہے تھے اور ہر ممکن طریقے سے آپﷺ کی زندگی کا خاتمہ کرنا چاہتے تھے لیکن چونکہ بنی ہاشم آپﷺ کی پشت پر تھے اور خاص طور پر آپﷺ کے چچا ابو طالب آپﷺ کی پوری طرح حفاظت کر رہے تھے اس لئے قریش کو آپﷺ پر ہاتھ ڈالنے کی جرأت نہ ہوسکی۔