سورة التكوير - آیت 1
إِذَا الشَّمْسُ كُوِّرَتْ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
جب سورج لپیٹ دیا جائے گا۔
تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد
اِذَا الشَّمْسُ كُوِّرَتْ: ’’كَوْرُ الْعِمَامَةِ وَ تَكْوِيْرُهَا‘‘ پگڑی لپیٹنا۔ ’’تَكْوِيْرُ الْمَتَاعِ‘‘ سامان جمع کرکے باندھ دینا۔ (خلاصہ قاموس) ’’كُوِّرَتْ‘‘یعنی اتنی وسعت والے سورج، اس کی شعاعوں اور روشنی کو لپیٹ دیا جائے گا اور وہ بالکل بے نور ہو جائے گا۔ چاند کا بھی یہی حال ہوگا، چنانچہ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : (( اَلشَّمْسُ وَالْقَمَرُ مُكَوَّرَانِ يَوْمَ الْقِيَامَةِ))[بخاري، بدء الخلق، باب صفۃ الشمس والقمر:۳۲۰۰] ’’سورج اور چاند قیامت کے دن لپیٹ دیے جائیں گے۔‘‘