سورة الطلاق - آیت 10

أَعَدَّ اللَّهُ لَهُمْ عَذَابًا شَدِيدًا ۖ فَاتَّقُوا اللَّهَ يَا أُولِي الْأَلْبَابِ الَّذِينَ آمَنُوا ۚ قَدْ أَنزَلَ اللَّهُ إِلَيْكُمْ ذِكْرًا

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اللہ نے ان کے لیے بہت سخت عذاب تیار کیا ہے، سو اللہ سے ڈرو اے عقلوں والو جو ایمان لائے ہو! یقیناً اللہ نے تمھاری طرف ایک نصیحت نازل کی ہے۔

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

اَعَدَّ اللّٰهُ لَهُمْ عَذَابًا شَدِيْدًا: پچھلی آیات میں دنیا کے عذاب کا ذکر تھا، اس میں آخرت کے عذاب کا ذکر ہے۔ فَاتَّقُوا اللّٰهَ يٰاُولِي الْاَلْبَابِ الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا: یہ ’’فاء‘‘ فصیحہ ہے جو محذوف شرط کا اظہار کر رہی ہے، یعنی جب تم ان بستیوں کا حال سن چکے جنھوں نے اللہ اور اس کے رسولوں کے احکام سے سرکشی اختیار کی تو اے عقلوں والو جو ایمان لا چکے ہو! تم اللہ اور اس کے رسول کے احکام کی نافرمانی سے بچ جاؤ۔ قَدْ اَنْزَلَ اللّٰهُ اِلَيْكُمْ ذِكْرًا : ’’ ذِكْرًا ‘‘ پر تنوین تعظیم کی ہے، عظیم نصیحت۔