سورة الصافات - آیت 8

لَّا يَسَّمَّعُونَ إِلَى الْمَلَإِ الْأَعْلَىٰ وَيُقْذَفُونَ مِن كُلِّ جَانِبٍ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

وہ اوپر کی مجلس کی طرف کان نہیں لگا سکتے اور ہر طرف سے ان پر (شہاب) پھینکے جاتے ہیں۔

تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد

لَا يَسَّمَّعُوْنَ اِلَى الْمَلَاِ الْاَعْلٰى ....: ’’ لَا يَسَّمَّعُوْنَ ‘‘ اصل میں ’’لَا يَتَسَمَّعُوْنَ‘‘ (تفعّل) ہے۔ ’’اوپر کی مجلس‘‘ سے مراد فرشتوں کی مجلس ہے جو اللہ تعالیٰ کے احکام کی تنفیذ کے لیے آپس میں گفتگو کرتے ہیں کہ آئندہ فلاں کام کب اور کیسے کرنا ہے۔ یعنی ان ستاروں کے ذریعے سے سرکش شیاطین سے فرشتوں کی باتیں محفوظ رکھنے کا اتنا زبردست انتظام ہے کہ وہ ان کی مجلس کی طرف کان بھی نہیں لگا سکتے، بلکہ ان پر ہر جانب سے شہاب پھینکے جاتے ہیں۔ اگر ’’ اِلَّا مَنْ خَطِفَ الْخَطْفَةَ ‘‘ کا استثنا نہ ہوتا تو یہ آیت دلیل تھی کہ وہ کچھ بھی نہیں سن سکتے، مگر اللہ تعالیٰ نے خود ہی ’’ اِلَّا مَنْ خَطِفَ الْخَطْفَةَ ‘‘ (مگر جو کوئی اچانک اچک کر لے جائے) کے ساتھ استثنا فرما دیا، جو آگے آرہا ہے۔