سورة طه - آیت 62
فَتَنَازَعُوا أَمْرَهُم بَيْنَهُمْ وَأَسَرُّوا النَّجْوَىٰ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
تو وہ اپنے معاملے میں آپس میں جھگڑ پڑے اور انھوں نے پوشیدہ سرگوشی کی۔
تفسیر القرآن کریم (تفسیر عبدالسلام بھٹوی) - حافظ عبدالسلام بن محمد
فَتَنَازَعُوْا اَمْرَهُمْ بَيْنَهُمْ....: نصیحت بعض پر مؤثر ہوئی، بعض پر نہیں۔ چنانچہ وہ آپس میں چپکے چپکے جھگڑنے لگے، تاکہ فرعون یا موسیٰ یا عوام میں سے کسی کو ان کے باہمی اختلاف کی خبر نہ ہونے پائے۔ ’’النَّجْوٰى‘‘آپس کی خفیہ بات، سرگوشی۔ ’’ اَسَرُّوا ‘‘ انھوں نے پوشیدہ کیا۔ ’’النَّجْوٰى‘‘(سرگوشی) خود پوشیدہ ہوتی ہے، پھر ’’اَسَرُّوا ‘‘سے اس کی مزید پوشیدگی کا اندازہ کریں اور اس سے پہلے ’’بَيْنَهُمْ‘‘(آپس میں) کا لفظ بتاتا ہے کہ اس جھگڑے کی خبر اس محدود گروہ کے درمیان ہی رہی، باہر نہیں نکلی۔ (ابن عاشور) کوئی کہنے لگا، موسیٰ جادوگر ہے اور کوئی کہنے لگا، یہ چہرہ جادوگر کا نہیں ہو سکتا۔