إِلَّا مَن تَابَ وَآمَنَ وَعَمِلَ صَالِحًا فَأُولَٰئِكَ يَدْخُلُونَ الْجَنَّةَ وَلَا يُظْلَمُونَ شَيْئًا
مگر جس نے توبہ کی اور ایمان لایا اور نیک عمل کیا تو یہ لوگ جنت میں داخل ہوں گے اور ان پر کچھ ظلم نہ کیا جائے گا۔
اِلَّا مَنْ تَابَ وَ اٰمَنَ وَ عَمِلَ....: نماز ضائع کرنے اور خواہشات کی پیروی جیسی بیماریوں کے لیے نسخۂ شفا توبہ، ایمان اور عمل صالح ہے۔ توبہ، ایمان اور عمل صالح، یعنی نماز کی پابندی اور اپنی خواہشات کو اللہ کے حکم کے تابع کرنے والا شخص جنت میں داخل ہو گا اور اس کا کوئی اجر مارا نہ جائے گا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : (( اَلتَّائِبُ مِنَ الذَّنْبِ كَمَنْ لَّا ذَنْبَ لَهٗ )) [ابن ماجہ، الزھد، باب ذکر الذنوب : ۴۲۵۰، عن أبي عبد اللّٰہ بن مسعود رضی اللّٰہ عنہ و حسنہ الألباني ] ’’گناہ سے توبہ کرنے والا اس شخص جیسا ہے جس کا کوئی گناہ نہ ہو۔‘‘