فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ ۗ وَيَسْأَلُونَكَ عَنِ الْيَتَامَىٰ ۖ قُلْ إِصْلَاحٌ لَّهُمْ خَيْرٌ ۖ وَإِن تُخَالِطُوهُمْ فَإِخْوَانُكُمْ ۚ وَاللَّهُ يَعْلَمُ الْمُفْسِدَ مِنَ الْمُصْلِحِ ۚ وَلَوْ شَاءَ اللَّهُ لَأَعْنَتَكُمْ ۚ إِنَّ اللَّهَ عَزِيزٌ حَكِيمٌ
دنیا اور آخرت کے بارے میں۔ اور وہ تجھ سے یتیموں کے متعلق پوچھتے ہیں، کہہ دے ان کے لیے کچھ نہ کچھ سنوارتے رہنا بہتر ہے اور اگر تم انھیں ساتھ ملا لو تو تمھارے بھائی ہیں اور اللہ بگاڑنے والے کو سنوارنے والے سے جانتا ہے اور اگر اللہ چاہتا تو تمھیں ضرور مشقت میں ڈال دیتا۔ بے شک اللہ سب پر غالب، کمال حکمت والاہے۔
1۔ فِي الدُّنْيَا وَ الْاٰخِرَةِ:اس کا تعلق اس سے پہلی آیت ”لَعَلَّكُمْ تَتَفَكَّرُوْنَ“ کے ساتھ ہے، یعنی اللہ تعالیٰ تمہارے لیے شراب اور جوئے میں دنیا کے فائدے اور دنیا اور آخرت میں ان کے نقصانات اور ان کا کبیرہ گناہ ہونا اور شراب اور جوئے کے بجائے اللہ کے راستے میں اپنی بہترین چیزیں خرچ کرنا کھول کر بیان کر رہا ہے، تاکہ تم چند روزہ دنیا اور ہمیشہ رہنے والی آخرت دونوں میں خود ہی غور وفکر کر لو کہ عقل سے کام لے کر تم کس کو ترجیح دیتے ہو۔ 2۔ ”الْيَتٰمٰى“جس کا باپ فوت ہو گیا ہو وہ بالغ ہونے تک یتیم ہے۔ ”لَاَعْنَتَكُمْ“ ”عَنَتٌ“ کا معنی مشقت ہے، جیسے سورۂ توبہ (۱۲۸) میں ہے:﴿عَزِيْزٌ عَلَيْهِ مَا عَنِتُّمْ ﴾ ’’اس پر بہت شاق ہے کہ تم مشقت میں پڑو۔‘‘ ”اَعْنَتَ“ باب افعال سے ماضی معروف ہے اور ’’اِعْنَاتٌ‘‘ اس سے مصدر ہے، جس کے معنی ہیں، آدمی کو ایسی مشقت میں ڈالنا جس میں ہلاکت کا خطرہ ہو۔ (راغب) 3۔ اِصْلَاحٌ لَّهُمْ خَيْرٌ:”اِصْلَاحٌ“ کی تنوین کی وجہ سے ’’کچھ نہ کچھ سنوارتے رہنا‘‘ ترجمہ کیا ہے، یعنی ان کے مال کی حفاظت کے ساتھ ان کی تعلیم، اخلاق، صحت اور تمام معاملات کی کچھ نہ کچھ اصلاح جو تمہارے بس میں ہو کرتے رہنا، انھیں یتیم سمجھ کر باز پرس نہ کرنے سے بہت بہتر ہے۔ 4۔ وَ اِنْ تُخَالِطُوْهُمْ:ابن عباس رضی اللہ عنہما نے فرمایا:’’جب یہ آیت اتری:﴿وَ لَا تَقْرَبُوْا مَالَ الْيَتِيْمِ اِلَّا بِالَّتِيْ هِيَ اَحْسَنُ ﴾ [ بنی إسرائیل:۳۴ ] ’’اور یتیم کے مال کے قریب نہ جاؤ مگر اس طریقے سے جو سب سے اچھا ہے‘‘ تو لوگوں نے یتیموں کے اموال الگ کر دیے، چنانچہ یتیموں کا کھانا خراب اور گوشت بدبودار ہونے لگا۔‘‘یہ بات نبی صلی اللہ علیہ و سلم سے ذکر کی گئی اور اس پر یہ آیت اتری تو لوگوں نے انھیں اپنے ساتھ ملا لیا۔ [ مسند أحمد :1؍325، ح:۳۰۰۴۔ مستدرک حاکم:2؍306، ح :۳۱۰۳، صححہ الحاکم و وافقہ الذھبی و حسنہ الألبانی ] 5۔ وَ لَوْ شَآءَ اللّٰهُ لَاَعْنَتَكُمْ:مگر اللہ تعالیٰ نے تم پر مشقت نہیں ڈالی، بلکہ آسانی اور وسعت پیدا فرمائی۔ چنانچہ اصلاح کی نیت سے انھیں اپنے ساتھ ملا سکتے ہو اور اگر محتاج ہو تو بقدر خدمت و ضرورت ان کے مال سے فائدہ بھی اٹھا سکتے ہو،جیساکہ فرمایا:﴿وَ مَنْ كَانَ غَنِيًّا فَلْيَسْتَعْفِفْ وَ مَنْ كَانَ فَقِيْرًا فَلْيَاْكُلْ بِالْمَعْرُوْفِ﴾ [ النساء:۶ ] ’’اور جو غنی ہو تو وہ بہت بچے اور جو محتاج ہو تو وہ جانے پہچانے طریقے سے کھا لے۔‘‘