وَلَمَّا جَاءَهُمْ رَسُولٌ مِّنْ عِندِ اللَّهِ مُصَدِّقٌ لِّمَا مَعَهُمْ نَبَذَ فَرِيقٌ مِّنَ الَّذِينَ أُوتُوا الْكِتَابَ كِتَابَ اللَّهِ وَرَاءَ ظُهُورِهِمْ كَأَنَّهُمْ لَا يَعْلَمُونَ
اور جب ان کے پاس اللہ کی طرف سے ایک رسول اس کی تصدیق کرنے والا آیا جو ان کے پاس ہے تو ان لوگوں میں سے ایک گروہ نے، جنھیں کتاب دی گئی تھی، اللہ کی کتاب کو اپنی پیٹھوں کے پیچھے پھینک دیا، جیسے وہ نہیں جانتے۔
یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں وہ تمام اوصاف موجود تھے جو تورات اور دوسری آسمانی کتب ”لِمَا مَعَهُمْ“ میں نبی آخر الزماں کے مذکور تھے۔ اس اعتبار سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم تورات اور ان کے پاس موجود دوسری آسمانی کتب ”لِمَا مَعَهُمْ“ کے پوری طرح مصداق تھے، مگر یہود کی بدنصیبی کہ جب آپ ان کے پاس آئے تو انھوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو جھٹلا کر تورات کو اپنی پیٹھوں کے پیچھے پھینک دیا، گویا انھیں اپنی کتاب کا بھی پتا نہیں ۔ (ابن کثیر)