سورة الانعام - آیت 118
فَكُلُوا مِمَّا ذُكِرَ اسْمُ اللَّهِ عَلَيْهِ إِن كُنتُم بِآيَاتِهِ مُؤْمِنِينَ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
تو اس میں سے کھاؤ جس پر اللہ کا نام لیا گیا ہے، اگر تم اس کی آیات پر ایمان رکھنے والے ہو۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(114) اوپر کی آیت میں اللہ تعالیٰ نے نبی کریم (ﷺ) کو گمراہ کافروں کی اتباع سے منع فرمایا ہے، ان کی ایک گمراہی یہ تھی کہ وہ اپنی طرف سے حلال وحرام کا حکم لگا یا کرتے تھے، اور مسلمانوں سے جھگڑتے تھے کہ اللہ جسے ذبح کردیتا ہے اسے تو تم لوگ نہیں کھاتے ہو۔ اور اپنا ذبح کیا ہوا کھاتے ہو۔ جیسا کہ نسائی نے ابن عباس (رض) سے روایت کی ہے، اس آیت میں مسلمانوں کو حکم دیا گیا ہے کہ تم لوگ کافروں کی بات میں آکر مردے جانور کھانا شروع نہ کردو، بلکہ وہی جانور کھاؤ جس کا کھانا حلال ہو اور جسے اللہ کا نام لے کر ذبح کیا گیا ہو،