سورة المآئدہ - آیت 93

لَيْسَ عَلَى الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ جُنَاحٌ فِيمَا طَعِمُوا إِذَا مَا اتَّقَوا وَّآمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ ثُمَّ اتَّقَوا وَّآمَنُوا ثُمَّ اتَّقَوا وَّأَحْسَنُوا ۗ وَاللَّهُ يُحِبُّ الْمُحْسِنِينَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

ان لوگوں پر جو ایمان لائے اور انھوں نے نیک اعمال کیے اس چیز میں کوئی گناہ نہیں جو وہ کھاچکے، جب کہ وہ متقی بنے اور ایمان لائے اور انھوں نے نیک اعمال کیے، پھر وہ متقی بنے اور ایمان لائے، پھر وہ متقی بنے اور انھوں نے نیکی کی اور اللہ نیکی کرنے والوں سے محبت کرتا ہے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے کھا نے پینے کی تمام چیزوں کو حلال قرار دیا ہے لیکن اس استناء کے ساتھ کہ وہ نص صریح کے ذریعہ حرام کی ہوئی چیزوں سے بچیں، اللہ پر ایمان لائیں اور عمل صالح کریں دوسرے :اتقوا کا عطف پہلے اتقوا پر ہے یعنی جو لوگ ادیان سابقہ کی حلال اشیاء میں سے اسلام میں حرام کی ہوئی چیزوں سے بچے، اور ان کی حرمت پر ایمان لائے، تیسرے اتقوا کا عطف دوسرے اتقوا پر ہے یعنی جنہوں نے تیسری بار ادیان سابقہ میں حلال چیزوں میں سے اسلام میں حرام کی ہوئی چیزوں سے اجتناب کی اور عمل صالح کیا بعض لوگوں نے کہا ہے کہ آیت میں تکرار سے مقصود یہ ہے کہ آدمی کو اللہ کے عذاب کے ڈر سے محرمات سے بچنا چاہیئے، اور حرام میں پڑنے کے ڈر سے شہبات سے بچنا چاہئے۔ اور اپنے آپ کو خست اور ذلت سے دور رکھنے کے لیے بعض مباح چیزوں سے بھی بچنا چاہیے۔