سورة الكافرون - آیت 6
لَكُمْ دِينُكُمْ وَلِيَ دِينِ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
تمھارے لیے تمھارا دین اور میرے لیے میرا دین ہے۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(6)آخری آیت ﴿لَكُمْ دِينُكُمْ وَلِيَ دِينِ Ĭ میں اللہ تعالیٰ نے نبی کریم (ﷺ) کو ان کافروں کے ایمان لانے سے قطعی طور پر ناامید کردیا ہے جن کے ایمان لانے کی آپ (ﷺ) خواہش رکھتے تھے اور ان کافروں کو جنہوں نے آپ (ﷺ) کو بتوں کی پرستش کا مشورہ دیا تھا، اس بات سے قطعی طور پر ناامید بنا دیا ہے کہ آپ (ﷺ) ان کی فاسد و باطل رائے کو مان کر کبھی ان کے بتوں کی پرستش کریں گے چنانچہ وہ مشرکین جنہوں نے آپ (ﷺ) کو بتوں کی پرستش کا مشورہ دیا، سب کی موت کفر پر ہوئی، کوئی میدان بدر میں مارا گیا اور کوئی مکہ میں ہی حالت کفر میں ہلاک ہوا اور اللہ کی بات ان کے بارے میں صادق ہوئی کہ وہ ایمان نہیں لائیں گے۔