وَمَن يَعْمَلْ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ شَرًّا يَرَهُ
اور جو شخص ایک ذرہ برابر برائی کرے گا اسے دیکھ لے گا۔
(8)اور جو شخص ایک چھوٹی چیونٹی کے برابر بھی کوئی برائی کئے ہوگا تو اسے اس کا بدلہ مل کر رہے گا، الایہ کہ اللہ تعالیٰ سے معاف کر دے۔ بعض لوگوں نے ﴿ ذَرَّةٍ Ĭ کا معنی وہ باریک ترین غبار کیا ہے جو کھڑکی کے سوراخ سے داخل ہونے والی شعاع میں نظر آتا ہے، یعنی اس باریک ترین غبار کے برابر بھی کسی کا عمل خیر و شرگم نہیں ہوگا، اور اس کا بدلہ اسے ضرور ملے گا۔ اللہ تعالیٰ نے سورۃ النساء آیت(40) میں فرمایا ہے : ﴿ إِنَّ اللَّهَ لَا يَظْلِمُ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ Ĭ” بے شک اللہ ایک ذرہ کے برابر بھی ظلم نہیں کرتا ہے“ اور سورۃ آل عمران آیت(30)میں فرمایا ہے : ﴿ يَوْمَ تَجِدُ كُلُّ نَفْسٍ مَّا عَمِلَتْ مِنْ خَيْرٍ مُّحْضَرًا وَمَا عَمِلَتْ مِن سُوءٍ تَوَدُّ لَوْ أَنَّ بَيْنَهَا وَبَيْنَهُ أَمَدًا بَعِيدًاĬ ” جس دن ہر شخص اپنی کی ہوئی نیکیوں کو اور اپنی کی ہوئی برائیوں کو موجود پائے گا، تمنا کرے گا کہ کاش، اس کے اور برائیوں کے درمیان بہت ہی دوری ہوتی۔ “