إِنَّ الَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ لَهُمْ جَنَّاتٌ تَجْرِي مِن تَحْتِهَا الْأَنْهَارُ ۚ ذَٰلِكَ الْفَوْزُ الْكَبِيرُ
بلاشبہ وہ لوگ جو ایمان لائے اور انھوں نے نیک کام کیے ان کے لیے ایسے باغات ہیں جن کے نیچے سے نہریں بہ رہی ہیں، یہی بہت بڑی کامیابی ہے۔
(11) اس آیت کریمہ میں ان مومنوں کا بہترین انجام بیان کیا گیا ہے جو آگ میں ڈال دیئے گئے تھے اور اللہ کا یہ وعدہ ہر دور میں اس کے تمام نیک بندوں کو شامل ہے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے عمل صالح کیا، ان کو اللہ ایسی جنتیں دے گا جن کے نیچے نہریں جاری ہوں گی اور یہی وہ عظیم کامیابی ہے جس کے برابر اور کوئی کامیابی نہیں ہو سکتی، اس لئے کہ انہیں جہنم سے نجات مل جائے گی اور جنت میں داخل کردیئے جائیں گے، اللہ تعالیٰ نے سورۃ آل عمران آیت(185) میں فرمایا ہے : ﴿فَمَن زُحْزِحَ عَنِ النَّارِ وَأُدْخِلَ الْجَنَّةَ فَقَدْ فَازَ ۗ وَمَا الْحَيَاةُ الدُّنْيَا إِلَّا مَتَاعُ الْغُرُورِ Ĭ” جو شخص آگ سے ہٹا دیا جائے گا اور جنت میں داخل کردیا جائے گا وہ کامیاب ہوجائے گا اور دنیا کی زندگی تو صرف دھوکے کا سامان ہے۔ “