رَّبِّ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ وَمَا بَيْنَهُمَا الرَّحْمَٰنِ ۖ لَا يَمْلِكُونَ مِنْهُ خِطَابًا
(اس رب کی طرف سے) جو آسمانوں اور زمین اور ان کے درمیان کی ہر چیز کا رب ہے، بے حد رحم والا، وہ اس سے کوئی بات کرنے کی قدرت نہیں رکھیں گے۔
(37) ان کے جس رب نے ان پر یہ احسانات کئے، وہی آسمانوں اور زمین اور ان کے درمیان کی ہر چیز کا رب ہے، اسی نے انہیں پیدا کیا ہے، وہی ان کا نگراں و محافظ اور مدبر و کار ساز ہے، اور وہ ” رحمٰن“ ہے، اس کی رحمت ہر چیز کو شامل ہے اور وہی سب کا پالنہار ہے۔ اور وہ شہنشاہ دو جہان قیامت کے دن جب مخلوق کا حساب لینے کے لئے فارغ ہوگا، تو ساری مخلوق اس کے سامنے اسکی عظمت و جلال سے ایسی مرعوب ہوگی کہ کسی کو اس کے سامنے زبان کھولنے کی جرأت نہیں ہوگی، ایک مدت کے بعد صرف وہ لوگ دوسروں کی شفاعت کے لئے اللہ سے بات کریں گے جنہیں وہ قہار و جبار بات کرنے کی اجازت دے گا۔