سورة المدثر - آیت 1

يَا أَيُّهَا الْمُدَّثِّرُ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اے کمبل میں لپٹنے والے!

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(1) سورۃ المزمل کی پہلی آیت کی تفسیر میں لکھا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو ” المزمل“ کا خطاب از راہ لطف و محبت دیا ہے۔ ” المدثر“ کے بارے میں بھی یہی بات صحیح ہے، یعنی بھی اللہ تعالیٰ نے آپ (ﷺ) کو اس خطاب سے از راہ لطف و محبت نوازا ہے۔ ” اور اپنے کپڑوں کی پاکیزگی کا خیال رکھئے“ اس آیت میں کپڑوں سے مراد تمام اعمال ہیں، گویا اللہ تعالیٰ نے آپ (ﷺ) کو نصیحت کی کہ آپ اپنے تمام اعمال کو نام و نمود، ریا کاری، نفاق، کبر و غرور اور غفلت و کاہلی سے پاک و صاف رکھئے اور کپڑوں کو پاک رکھنا اس میں بدرجہ اولی داخل ہے، اس لئے کہ اعمال کی پاکیزگی میں یہ بھی داخل ہے۔