سورة نوح - آیت 27
إِنَّكَ إِن تَذَرْهُمْ يُضِلُّوا عِبَادَكَ وَلَا يَلِدُوا إِلَّا فَاجِرًا كَفَّارًا
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
بے شک تو اگر انھیں چھوڑے رکھے گا تو وہ تیرے بندوں کو گمراہ کریں گے اور کسی نافرمان، سخت منکر کے سوا کسی کو نہیں جنیں گے۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
(27)اس لئے کہ اگر تو انہیں چھوڑ دے گا تو وہ تیرے بندوں کو گمراہ کریں گے اور انہیں توحید کی راہ سے ہٹا کر شرک کی راہ پر لگا دیں گے اور ان کی نسل میں بھی کافرو فاجر لوگ پیدا ہوں گے، نوح (علیہ السلام) نے یہ بات اپنی قوم کا طویل تجربہ کرنے کے بعد کہی تھی، انہیں ان کے اخلاق و کردار کی پوری خبرتھی، اور یقین ہوگیا تھا کہ اب یہ قوم ہرگز نہیں سدھرے گی اور نہ ان کی نسل میں اچھے لوگ پیدا ہوں گے۔ اسی لئے اللہ تعالیٰ نے ان کی دعا قبول کرلی اور تمام کفاروں کو ہلاک کردیا اور نوح (علیہ السلام) اور ان کے مؤمن ساتھیوں کو نجات دے دی۔