سورة النسآء - آیت 43

يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَقْرَبُوا الصَّلَاةَ وَأَنتُمْ سُكَارَىٰ حَتَّىٰ تَعْلَمُوا مَا تَقُولُونَ وَلَا جُنُبًا إِلَّا عَابِرِي سَبِيلٍ حَتَّىٰ تَغْتَسِلُوا ۚ وَإِن كُنتُم مَّرْضَىٰ أَوْ عَلَىٰ سَفَرٍ أَوْ جَاءَ أَحَدٌ مِّنكُم مِّنَ الْغَائِطِ أَوْ لَامَسْتُمُ النِّسَاءَ فَلَمْ تَجِدُوا مَاءً فَتَيَمَّمُوا صَعِيدًا طَيِّبًا فَامْسَحُوا بِوُجُوهِكُمْ وَأَيْدِيكُمْ ۗ إِنَّ اللَّهَ كَانَ عَفُوًّا غَفُورًا

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اے لوگو جو ایمان لائے ہو ! نماز کے قریب نہ جاؤ، اس حال میں کہ تم نشے میں ہو، یہاں تک کہ تم جانو جو کچھ کہتے ہو اور نہ اس حال میں کہ جنبی ہو، مگر راستہ عبور کرنے والے، یہاں تک کہ غسل کرلو۔ اور اگر تم بیمار ہو، یا سفر پر، یا تم میں کوئی قضائے حاجت سے آیا ہو، یا تم نے عورتوں سے مباشرت کی ہو، پھر کوئی پانی نہ پاؤ تو پاک مٹی کا قصد کرو، پس اپنے چہروں اور اپنے ہاتھوں پر ملو۔ بے شک اللہ ہمیشہ سے بہت معاف کرنے والا، بے حد بخشنے والا ہے۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

اس آیت کے شان نزول کے بارے میں ابو داود، نسائی اور ترمذی وغیرہم نے حضرت علی (رض) سے (الفاظ کے کچھ اختلاف کے ساتھ) روایت کی ہے کہ عبدالرحمن بن عوف نے شراب حرام ہونے سے پہلے کچھ مہاجرین و انصار کی دعوت کی، انہوں نے کھایا پیا اور شراب بھی پی، جب نماز کا وقت آیا، تو عبدالرحمن بن عوف نے نماز پڑھائی اور نشہ کی حالت میں لا نافیہ کو حذف کردیا جس سے آیتوں کا معنی بالکل بدل گیا، تو اللہ نے یہ آیت نازل فرمائی کہ مسلمانو ! تم جب نشہ کی حالت میں ہو تو نماز نہ پڑھا کرو، انتہی۔ چنانچہ مسلمانوں نے نماز کے اوقات میں شراب پینا بند کردیا، اس کے کچھ دنوں کے بعد سورۃ مائدہ کی آیت 90، 91İيا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِنَّمَا الْخَمْرُ وَالْمَيْسِرُ وَالْأَنْصابُĬ سے İفَهَلْ أَنْتُمْ مُنْتَهُونَĬ تک نازل ہوئی۔ اور شراب ہمیشہ کے لیے حرام ہوگئی۔ 51۔ جنبی کے لیے مسجد میں جانا ممنوع ہے، البتہ اگر اس کا راستہ مسجد سے گذرتا ہو تو گذرنا جائز ہے۔ ابن جریر و غیرہ نے روایت کی ہے کہ بعض صحابہ کے مکانات کے دروازے مسجد نبوی میں کھلتے تھے، اور انہیں مسجد سے گذرنا پڑتا تھا، انہی کے بارے میں آیت کا یہ حصہ نازل ہوا، کہ حالت جنابت میں مسجد سے ہو کر گذرنا ان لوگوں کے لیے جائز ہے جن کے گھر کے دروازے مسجد میں کھلتے ہوں۔ 52۔ اگر بیماری کی وجہ سے پانی کے استعمال سے مرض میں اضافہ کا خطرہ ہو، یا کوئی آدمی سفر میں ہو، یا پیشاب یا قضائے حاجت کی وجہ سے وضو جاتا رہے، یا بیوی کے ساتھ ہمبستری کرے، یا شہوت کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرے، اور غسل یا وضو کے لیے پانی میسر نہ ہو، تو ایسی حالتوں میں اللہ تعالیٰ نے تیمم کو غسل اور وضو کے بدلے میں کافی قرار دیا ہے۔ اور تیمم کا طریقہ یہ ہے کہ پاک مٹی پر دونوں ہاتھوں کو ایک ساتھ مارے، پھر انہیں اپنی دونوں ہتھیلیوں اور چہرہ پر پھیر لے۔ اس کی دلیل عمار بن یاسر (رض) کی وہ حدیث ہے جسے احمد، بخاری اور مسلم نے روایت کیا ہے کہ رسول اللہ (ﷺ) نے کہا، تیمم کے لیے ایسا کرنا کافی تھا، پھر آپ (ﷺ) نے دونوں ہاتھوں کو زمین پر ایک بار مارا، پھر انہیں اپنی دونون ہتھیلیوں اور چہرہ پر پھیر لیا۔ حافظ ابن لقیم رحمہ اللہ نے زاد المعاد میں لکھا ہے کہ رسول اللہ (ﷺ) تیمم کے لیے ایک ہی بار دونوں ہتھیلیوں اور چہرہ پر ہاتھ پھیرتے تھے، کسی صحیح حدیث سے ثابت نہیں کہ آپ نے تیمم کے لیے مٹی پر دوبارہ ہاتھ مارا، یا کہنی تک ہاتھ پھیرا،