سورة التحريم - آیت 11

وَضَرَبَ اللَّهُ مَثَلًا لِّلَّذِينَ آمَنُوا امْرَأَتَ فِرْعَوْنَ إِذْ قَالَتْ رَبِّ ابْنِ لِي عِندَكَ بَيْتًا فِي الْجَنَّةِ وَنَجِّنِي مِن فِرْعَوْنَ وَعَمَلِهِ وَنَجِّنِي مِنَ الْقَوْمِ الظَّالِمِينَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور اللہ نے ان لوگوں کے لیے جو ایمان لائے فرعون کی بیوی کی مثال بیان کی، جب اس نے کہا اے میرے رب! میرے لیے اپنے پاس جنت میں ایک گھر بنا اور مجھے فرعون اور اس کے عمل سے بچالے اور مجھے ظالم لوگوں سے نجات دے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

آیت (11) میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اس نے اہل ایمان کے لئے فرعون کی بیوی کی مثال بیان کی ہے (ان کا نام آسیہ بنت مزاحم (رض) تھا) انہوں نے دعا کی کہ میرے رب ! تو میرے لئے جنت میں ایک گھر بنا دے اور مجھے فرعون، اس کے برے اعمال اور ہر ظالم کے فتنہ و آزمائش سے محفوظ رکھ تو اللہ تعالیٰ نے ان کی دعا قبول فرما لی چنانچہ اس دعا کے بعد وہ جب تک دنیا میں زندہ رہیں، ایمان کامل اور سکون قلب کے ساتھ زندہ رہیں اور آزمائشوں اور فتنوں سے محفوظ رہیں۔