سورة التحريم - آیت 10

ضَرَبَ اللَّهُ مَثَلًا لِّلَّذِينَ كَفَرُوا امْرَأَتَ نُوحٍ وَامْرَأَتَ لُوطٍ ۖ كَانَتَا تَحْتَ عَبْدَيْنِ مِنْ عِبَادِنَا صَالِحَيْنِ فَخَانَتَاهُمَا فَلَمْ يُغْنِيَا عَنْهُمَا مِنَ اللَّهِ شَيْئًا وَقِيلَ ادْخُلَا النَّارَ مَعَ الدَّاخِلِينَ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اللہ نے ان لوگوں کے لیے جنھوں نے کفر کیا نوح کی بیوی اور لوط کی بیوی کی مثال بیان کی، وہ ہمارے بندوں میں سے دونیک بندوں کے نکاح میں تھیں، پھر انھوں نے ان دونوں کی خیانت کی تو وہ اللہ سے (بچانے میں) ان کے کچھ کام نہ آئے اور کہہ دیا گیا کہ داخل ہونے والوں کے ساتھ تم دونوں آگ میں داخل ہوجاؤ۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

(10) آیات (10/11/12) میں اللہ تعالیٰ نے مؤمنوں اور کافروں کی حالت بیان کرنے کیلئے دو مثالیں بیان کی ہیں، تاکہ معلوم ہوجائے کہ کسی کافر کی مؤمن سے قربت، کفر کے ساتھ اسے کوئی فائدہ نہیں پہنچائے گی، اور کسی مؤمن کا کسی کافر سے اتصال اگر وہ ایمان باللہ کے تقاضوں کو پورا کرتا ہے، اسے کوئی نقصان نہیں پہنچائے گا۔ مفسرین لکھتے ہیں کہ اس آیت کریمہ میں نبی کریم (ﷺ) کی بیویوں کو تنبیہ کی گئی ہے اور انہیں ارتکاب معصیت سے خوف دلایا گیا ہے اور خبر دی گئی ہے کہ اگر وہ اپنی نیت اور اپنا عمل درست نہیں کریں گی تو نبی کریم (ﷺ) سے ان کا اتصال کچھ بھی فائدہ نہیں پہنچائے گا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اس نے کافروں کے لئے نوح اور لوط کی بیویوں کی مثال بیان کی ہے، ان دونوں کے شوہر یعنی نوح ولوط علیہما السلام اللہ کے نیک بندے اور نبی تھے، لیکن ان دونوں بیویوں نے دین میں اپنے شوہروں کے ساتھ خیانت کی یعنی ان کے لائے ہوئے دین کو قبول نہیں کیا تو انبیاء سے ان کا اتصال انہیں قیامت کے دن اللہ کے عذاب سے بچا نہ سکا اور ان سے کہا جائے گا کہ تم دونوں ان جہنمیوں کے ساتھ جہنم میں داخل ہوجاؤ جن کا انبیاء سے کوئی اتصال نہیں رہا ہے۔ آیت میں ” خیانت“ سے مراد ان انبیاء کے دین کو قبول نہ کرنا ہے، عزت و ناموس میں خیانت ہرگز مراد نہیں ہے، اس لئے کہ کسی نبی کی بیوی زانیہ نہیں ہوئی اور یہ ہرگز مناسب نہیں تھا کہ کسی نبی کی بیوی زانیہ ہوتی۔