سورة المنافقون - آیت 10
وَأَنفِقُوا مِن مَّا رَزَقْنَاكُم مِّن قَبْلِ أَن يَأْتِيَ أَحَدَكُمُ الْمَوْتُ فَيَقُولَ رَبِّ لَوْلَا أَخَّرْتَنِي إِلَىٰ أَجَلٍ قَرِيبٍ فَأَصَّدَّقَ وَأَكُن مِّنَ الصَّالِحِينَ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
اور اس میں سے خرچ کرو جو ہم نے تمھیں دیا ہے، اس سے پہلے کہ تم میں سے کسی کو موت آجائے، پھر وہ کہے اے میرے رب ! تو نے مجھے قریب مدت تک مہلت کیوں نہ دی کہ میں صدقہ کرتا اور نیک لوگوں میں سے ہوجاتا۔
تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی
(10)اس آیت میں کارہائے خیر کے لئے مزید تاکید کے طور پر اللہ نے فرمایا کہ مسلمانو ! ہم نے تمہیں جو روزی دی ہے، اس میں سے خیر کے کاموں میں خرچ کرتے رہو، قبل اس کے کہ تمہیں موت آجائے اور تم کف افسوس ملتے رہ جاؤ اور اس وقت تمنائے مستحیل کرتے ہوئے کہنے لگو کہ اے رب ! تو مجھے تھوڑی سی مہلت دیدے تاکہ صدقہ خیرات کرلوں اور نیکو کاروں میں سے ہوجاؤں۔