هُوَ اللَّهُ الَّذِي لَا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ الْمَلِكُ الْقُدُّوسُ السَّلَامُ الْمُؤْمِنُ الْمُهَيْمِنُ الْعَزِيزُ الْجَبَّارُ الْمُتَكَبِّرُ ۚ سُبْحَانَ اللَّهِ عَمَّا يُشْرِكُونَ
وہ اللہ ہی ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں، بادشاہ ہے، نہایت پاک، سلامتی والا، امن دینے والا، نگہبان، سب پر غالب، اپنی مرضی چلانے والا، بے حد بڑائی والا ہے، پاک ہے اللہ اس سے جو وہ شریک ٹھہراتے ہیں۔
(17) اللہ کی ذات تو وہ ہے جس کے سوا کوئی معبود حقیقی نہیں، وہ تو شاہ بے نیاز ہے، جس کا ہر کوئی محتاج ہے، اسی کا نظام اور اسی کا حکم ہر چیز پر نافذ ہے، وہ ہر عیب و نقص سے یکسر پاک ہے، اسی سے امن و سلامتی کے سوتے پھوٹتے ہیں، اس کی مخلوق اس کے ظلم سے قطعی امان میں ہے، وہی یقین و ایمان کی دولت سے سرفراز بندوں کو قیامت کے دن سکون و اطمینان سے نوازنے والا ہے، وہ ہر چیز پر مطلع، ہر چیز پر غالب، اور اپنی تمام مخلوق کی حفاظت کرنے والا ہے وہ زبردست اور ایسا قوی ہے جسے کوئی مغلوب نہیں بنا سکتا اس کی مشیت ہر شخص اور ہر چیز پر نافذ ہوتی رہتی ہے اور اس پر کسی کی مشیت نافذ نہیں ہوتی اور کوئی چیز اس کے قبضہ قدرت سے خارج نہیں ہے اس کی شان کبریائی تو ایسی ہے کہ اس کی ذات کے مقابلے میں ہر چیز حقیر ہے اور ہر عظمت و کبریائی صرف اسی کی ذات کے لئے وہ شہنشاہ دوجہاں ہے اور سب اس کے بندے اور مملوک ہیں۔