سورة الحديد - آیت 18

إِنَّ الْمُصَّدِّقِينَ وَالْمُصَّدِّقَاتِ وَأَقْرَضُوا اللَّهَ قَرْضًا حَسَنًا يُضَاعَفُ لَهُمْ وَلَهُمْ أَجْرٌ كَرِيمٌ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

بلاشبہ صدقہ کرنے والے مرد اور صدقہ کرنے والی عورتیں اور جنھوں نے اللہ کو اچھا قرض دیا، انھیں کئی گنا دیا جائے گا اور ان کے لیے باعزت اجر ہے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(17) اوپر لکھا جا چکا ہے کہ اس سورت کا مرکزی مضمون اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کی ترغیب دلانا ہے، چنانچہ اس آیت کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جو لوگ کثرت سے صدقہ کرتے ہیں، چاہے وہ مرد ہوں یا عورتیں اور خیر اور بھلائی کے مختلف کاموں میں اپنا مال خلوص نیت کے ساتھ اللہ کی رضا کے لئے خرچ کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں ان کے اعمال کا کئی گنا بڑھا کر بدلہ دیتا ہے، بسا اوقات دس گنا سے سات سو گنا تک بلکہ کبھی اس سے بھی زیادہ بڑھا کردیتا ہے اور سب سے بڑا بدلہ انہیں آخرت میں ” جنت“ دے گا، جس کے عیش و آرام اور جس کی نعمتوں کا کوئی آدمی اس دنیا میں تصور بھی نہیں کرسکتا ہے۔