أَلَمْ يَأْنِ لِلَّذِينَ آمَنُوا أَن تَخْشَعَ قُلُوبُهُمْ لِذِكْرِ اللَّهِ وَمَا نَزَلَ مِنَ الْحَقِّ وَلَا يَكُونُوا كَالَّذِينَ أُوتُوا الْكِتَابَ مِن قَبْلُ فَطَالَ عَلَيْهِمُ الْأَمَدُ فَقَسَتْ قُلُوبُهُمْ ۖ وَكَثِيرٌ مِّنْهُمْ فَاسِقُونَ
کیا ان لوگوں کے لیے جو ایمان لائے، وقت نہیں آیا کہ ان کے دل اللہ کی یاد کے لیے اور اس حق کے لیے جھک جائیں جو نازل ہوا ہے اور وہ ان لوگوں کی طرح نہ ہوجائیں جنھیں ان سے پہلے کتاب دی گئی، پھر ان پر لمبی مدت گزر گئی تو ان کے دل سخت ہوگئے اور ان میں سے بہت سے نافرمان ہیں۔
(15) شوکانی لکھتے ہیں کہ یہ آیت مومنوں کے بارے میں نازل ہوئی تھی، ان سے مقصود ایمان والوں کو یہ رغبت دلانی ہے کہ جب ان کے سامنے قرآن کریم کی تلاوت کی جائے، یا اللہ تعالیٰ کا ذکر آئے تو صداقت ایمانی کا تقاضا ہے کہ ان کے دلوں میں رقت و خشوع پیدا ہو حسن بصری کہتے ہیں کہ صحابہ کرام اللہ کی نگاہ میں محبوب ترین لوگ تھے اور وہ اللہ کو سب سے زیادہ یاد کرنے والے تھے اور ان کے دلوں پر قرآن سن کر بہت زیادہ رقت و خشوع طاری ہوجاتا تھا اس کے باوجود اللہ تعالیٰ نے ان کے بارے میں اس آیت میں کہا ہے کہ ذکر الٰہی سے ان کے دلوں پر کما حقہ خشوع طاری نہیں ہوتا، تو پھر دیگر مسلمانوں کو تو زیادہ ڈرتے رہنا چاہئے اور قرآن سن کر خشوع قلب کا زیادہ اہتمام کرنا چاہئے۔ مفسرین لکھتے ہیں کہ آیت میں ” ذکر“ سے مراد اللہ تعالیٰ کا نام، یا قیامت کے دن کا اس کا وعدہ ووعید ہے، اور ” وَمَا نَزَلَ مِنَ الْحَقِّĬ میں ” حق“ سے مراد قرآن کر یم ہے بعض نے ” ذکر“ اور ” حق“ دنوں سے قرآن کریم مراد لیا ہے۔ آیت کے دوسرے حصہ الآیۃ میں مومنوں کو یہود و نصایٰ کی طرح ہوجانے سے منع کیا گیا ہے، جن کے لئے اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کی طرح تورات و انجیل نازل فرمایا، لیکن مرور زمانہ کے ساتھ ان کتابوں سے ان کا رشتہ کمزور ہوتا گیا اور وہ انبیاء کی تعلیمات کو فراموش کرتے گئے، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ان کے دلوں سے خشیت الٰہی جاتی رہی، ان میں سختی پیدا ہوگئی اور انہوں نے تورات و انجیل کو بدل ڈالا اور ان کے احکام پر عمل کرنا ترک کردیا۔ حافظ ابن کثیرلکھتے ہیں کہ اس آیت کریمہ میں مومنوں کو یہود و نصاریٰ کے مانند ہوجانے سے منع فرمایا گیا ہے جنہوں نے مرور زمانہ کے ساتھ معمولی دنیاوی فائدوں کے لئے اللہ کی کتاب کو بدل دیا، اسے پس پشت ڈال دیا، انسانوں کے خود ساختہ اقوال کو دین، اور اپنے علماء و احبار کو معبود بنا لیا، جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ان کے دل سخت ہوگئے اور اللہ کے کلام کو بدل دینا ان کی عادت بن گئی۔ اسی لئے اللہ نے مومنوں کو کسی بھی معاملے میں ان کی مشابہت سے روکا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے یہود کی اسی حالت کو بیان کرتے ہوئے سورۃ المائدہ آیت (13) میں فرمایا ہے : ” پھر ہم نے ان کی عہد شکنی کی وجہ سے ان پر لعنت بھیج دی اور ان کے دل سخت کردیئے (جس کے نتیجے میں) وہ اللہ کے کلام میں تحریف پیدا کرنے لگے اور انہیں جو نصیحت کی گئی تھی اس کا بڑا حصہ بھلا بیٹھے “