يُنَادُونَهُمْ أَلَمْ نَكُن مَّعَكُمْ ۖ قَالُوا بَلَىٰ وَلَٰكِنَّكُمْ فَتَنتُمْ أَنفُسَكُمْ وَتَرَبَّصْتُمْ وَارْتَبْتُمْ وَغَرَّتْكُمُ الْأَمَانِيُّ حَتَّىٰ جَاءَ أَمْرُ اللَّهِ وَغَرَّكُم بِاللَّهِ الْغَرُورُ
وہ انھیں آواز دیں گے کیا ہم تمھارے ساتھ نہ تھے ؟ وہ کہیں گے کیوں نہیں اور لیکن تم نے اپنے آپ کو فتنے میں ڈالا اور تم انتظار کرتے رہے اور تم نے شک کیا اور (جھوٹی) آرزوؤں نے تمھیں دھوکا دیا، یہاں تک کہ اللہ کا حکم آگیا اور اس دغاباز نے تمھیں اللہ کے بارے میں دھوکا دیا۔
(14) جب مومنوں اور منافقوں کے درمیان موٹی دیوار حائل ہوجائے گی، تو منافقین شدت حسرت ویاس کے ساتھ پھر اہل ایمان کو پکاریں گے اور کہیں گے کہ کیا ہم تمہاری ہی طرح بظاہر مومن نہیں تھے؟ تمہاری مسجدوں میں نماز نہیں پڑھتے تھے اور تمہاری ہی طرح دوسرے نیک اعمال نہیں کرتے تھے، پھر آخر آج ہمارا یہ حشرکوں ہو رہا ہے؟! تو مومنین انہیں جواب دیں گے کہ ہاں تم دنیا میں ہمارے ساتھ تھے، بظاہر ہماری ہی طرح مومن تھے اور نیک اعمال کرتے تھے لیکن فی الحقیقت نہ تم مومن تھے نہ ہی تمہاری نیت صحیح تھی اور نہ تمہارے اعمال میں اخلاص وللہیت تھی، تم لوگ کفر ونفاق کی بیماری میں مبتلا رہے اور شہوتوں اور لذتوں کی بندگی کرتے رہے اور ہر لمحہ نبی کریم (ﷺ) اور مومنوں کے لئے برا ہی سوچتے رہے اور جھوٹی تمناؤں سے اپنے آپ کو دھوکہ دیتے رہے کہ ہمیں بھی اللہ تعالیٰ معاف کر دے گا اور مخلص مسلمانوں کی طرح ہم بھی جنت میں جائیں گے۔ کا ایک مفہوم یہ بھی بیان کیا گیا ہے کہ تم (منافقین) یہی تمنا کرتے رہے کہ ایک دن مسلمان ضرور کمزور ہوجائیں گے اور تم اسی دھوکے میں پڑے رہے، یہاں تک کہ موت نے تمہیں آدبوچا اور تمہیں توبہ کی توفیق نہیں ملی، یا مفہوم یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول کی مدد کی، اپنے دین کو غالب کیا اور تمہاری تمنا خاک میں مل گئی کہ مسلمان کمزور ہوجائیں گے اور اللہ کے حکم اور اس کی جانب سے مہلت دیئے جانے کا تم نے غلط مطلب نکالا، شیطان کے بہکاوے میں آگئے، اور کفر و نفاق پر مصر رہے یہاں تک کہ موت آگئی۔