سورة الذاريات - آیت 56

وَمَا خَلَقْتُ الْجِنَّ وَالْإِنسَ إِلَّا لِيَعْبُدُونِ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور میں نے جنوں اور انسانوں کو پیدا نہیں کیا مگر اس لیے کہ وہ میری عبادت کریں۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(23) اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ میں نے جنوں اور انسانوں کو صرف اس لئے پیدا کیا ہے کہ میں انہیں اپنی عبادت کا حکم دوں، ورنہ مجھے ان کے پیدا کرنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ شو کانی لکھتے ہیں کہ اوپر کی آیت میں نبی کریم (ﷺ) کو قرآن کریم پڑھ کر نصیحت کرنے کا جو حکم دیا گیا ہے، اسی کی تائید میں یہ بات کہی گئی ہے، یعنی چونکہ انسانوں کی تخلیق کا مقصد ہی عبادت کرنا ہے، اس لئے آپ بہرحال انہیں نصیحت کرتے رہئے اور ان کی تخلیق کا یہ مقصد مشرکین مکہ سے تقاضا کرتا ہے کہ وہ آپ کی نصیحت قبول کریں۔