سورة الفتح - آیت 14

وَلِلَّهِ مُلْكُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۚ يَغْفِرُ لِمَن يَشَاءُ وَيُعَذِّبُ مَن يَشَاءُ ۚ وَكَانَ اللَّهُ غَفُورًا رَّحِيمًا

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

اور آسمانوں اور زمین کی بادشاہی اللہ ہی کی ہے، وہ بخش دیتا ہے جسے چاہتا ہے اور سزا دیتا ہے جسے چاہتا ہے اور اللہ ہمیشہ سے بے حد بخشنے والا، نہایت رحم والا ہے۔

تفسیرتیسیرارحمٰن - محمد لقمان سلفی

اور آیت (14) میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ آسمانوں اور زمین کا وہی مالک و حاکم ہے اور وہی ان میں اپنی مرضی کے مطابق تصرف کرتا ہے، وہ جسے چاہتا ہے معاف کردیتا ہے اور جسے چاہتا ہے عذاب دیتا ہے اس لئے اے وہ لوگو جو رسول اللہ (ﷺ) کے ساتھ عمرہ کے لئے جانے سے پیچھے رہ گئے تھے، اب بھی موقع ہے کہ اپنے اس گناہ کی اللہ سے معافی مانگو اور رسول کریم (ﷺ) کی طاعت کا عہد کرو، تاکہ وہ تمہارے گناہ معاف کر دے، اس لئے کہ وہ بڑا معاف کرنے والا اور نہایت مہربان ہے۔