فَإِذَا لَقِيتُمُ الَّذِينَ كَفَرُوا فَضَرْبَ الرِّقَابِ حَتَّىٰ إِذَا أَثْخَنتُمُوهُمْ فَشُدُّوا الْوَثَاقَ فَإِمَّا مَنًّا بَعْدُ وَإِمَّا فِدَاءً حَتَّىٰ تَضَعَ الْحَرْبُ أَوْزَارَهَا ۚ ذَٰلِكَ وَلَوْ يَشَاءُ اللَّهُ لَانتَصَرَ مِنْهُمْ وَلَٰكِن لِّيَبْلُوَ بَعْضَكُم بِبَعْضٍ ۗ وَالَّذِينَ قُتِلُوا فِي سَبِيلِ اللَّهِ فَلَن يُضِلَّ أَعْمَالَهُمْ
تو جب تم ان لوگوں سے ملو جنھوں نے کفر کیا تو گردنیں مارنا ہے، یہاں تک کہ جب انھیں خوب قتل کرچکو تو (ان کو) مضبوط باندھ لو، پھر بعد میں یا تو احسان کرنا ہے اور یا فدیہ لے لینا، یہاں تک کہ لڑائی اپنے ہتھیار رکھ دے، (بات) یہی ہے۔ اور اگر اللہ چاہے تو ضرور ان سے انتقام لے لے اور لیکن تاکہ تم میں سے بعض کو بعض کے ساتھ آزمائے۔ اور جو لوگ اللہ کے راستے میں قتل کردیے گئے تو وہ ہرگز ان کے اعمال ضائع نہیں کرے گا۔
(2) اوپر کی آیتوں میں مشرکین کی ایک مجرمانہ صفت یہ بیان کی گئی ہے کہ وہ لوگوں کو دین اسلام میں داخل ہونے سے روکتے ہیں۔ ان کے اس فعل شنیع پر اللہ تعالیٰ نے یہ حکم مرتب کیا کہ مسلمانو ! جب میدان جنگ میں تمہاری مڈبھیڑ ان سے ہو تو ان کی گردنوں پر کاری ضربیں لگاؤ، یعنی ان میں سے جو لوگ تمہاری تلواروں کی زد میں آجائیں انہیں ٹھکانے لگاؤ اور جب دیکھو کہ تمہارا غلبہ یقینی ہوگیا ہے اور دشمن کے باقی افراد شکست خوردہ ہو کر تمہاری قیدی ہوگئے ہیں، تو ان کے ہاتھ اور پاؤں خوب اچھی طرح باندھ دو، تاکہ دھوکہ دے کر کہیں تمہیں قتل نہ کرنے لگیں، یا بھاگ نہ جائیں۔ اور ان قیدیوں کو یا تو ان پر احسان کرتے ہوئے بلامعاوضہ آزاد کر دو، اس لئے کہ اب ان کے غرور کا نشہ ٹوٹ چکا ہے، یا فدیہ اور معاوضہ لے کر انہیں چھوڑ دو، وہ معاوضہ یا تو مال ہو یا دشمن کے پاس موجود کوئی مسلمان قیدی، جسے وہ مسلمانوں کے پاس موجود کسی کافر قیدی کے بدلے آزاد کر دں۔ اور یہ کیفیت اس وقت تک باقی رہے جب تک جنگ ختم نہ ہوجائے اور مشرکین یا تو اسلام قبول کرلیں، یا شکست مان کر جزیہ دینے پر آمادہ ہوجائیں، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے سورۃ البقرۃ آیت (193) میں فرمایا ہے :﴿وَقَاتِلُوهُمْ حَتَّى لَا تَكُونَ فِتْنَةٌ وَيَكُونَ الدِّينُ لِلَّهِ﴾ ” ان سے لڑو جب تک کہ فتنہ نہ مٹ جائے اور اللہ کا دین غالب نہ ہوجائے۔ “ علمائے سلف کے درمیان اس آیت کے بارے میں اختلاف ہے کہ یہ محکم ہے یا منسوخ، یعنی اس میں بلامعاوضہ یا معاوضہ لے کر دشمن کے قیدیوں کو چھوڑ دینے کا جو حکم بیان کیا گیا ہے وہ باقی ہے، یا منسوخ ہوگیا اور بت پرست قیدیوں کو بہرحال قتل کردینا ہے۔ 1۔ ابن عباس، قتادہ ضخاک اور سدی کہتے ہیں کہ اس آیت میں بیان کردہ حکم منسوخ ہوچکا ہے اور سورۃ التوبہ کی آیت (5) ﴿فَاقْتُلُوا الْمُشْرِكِينَ حَيْثُ وَجَدْتُمُوهُمْ﴾” مشرکین کو جہاں پاؤ قتل کر دو“ کے مطابق اب ہر مشرک جنگی قیدی کو قتل کردیا جائے گا امام ابوحنیفہ کا یہی قول ہے، سوائے بچوں، عورتوں اور ان لوگوں کے جن سے جزیہ لینے کی بات طے ہوگئی ہو۔ 2۔ اور ابن عمر، عطاء، حسن بصری اور عمر بن عبدالعزیز کی رائے ہے کہ یہ آت، سورۃ التوبہ کی آیت (5) (فَاقْتُلُوا الْمُشْرِكِينَ حَيْثُ وَجَدْتُمُوهُمْ) کے لئے ناسخ ہے اور اب مشرک جنگی قیدیوں کو قتل کرنا جائز نہیں ہے، بلکہ بلا معاوضہ یا معاوضہ لے کر اسے آزاد کردینا ہے۔ 3۔ اور ابن جریر، شوکانی اور صاحب محاسن التزیل کی رائے ہے کہ یہ آیت محکم ہے، یعنی اس کا حکم باقی ہے اور قیدیوں کا معاملہ حاکم وقت کے سپرد ہوگا، اگر اس کی نظر میں ان میں سے بعض کو قتل کردینا ہی بہتر ہوگا تو وہ انہیں قتل کر دے گا اور اگر چاہے گا تو بلا فدیہ یا فدیہ لے کر انہیں آزاد کر دے گا، یا انہیں غلام بنا لیا جائے گا اور مسلمانوں کے درمیان تقسیم کردیئے جائیں گے، یا جزیہ لگا کر انہیں بطور ذمی اسلامی سلطنت میں رہنے کی اجازت دے دی جائے گی، جنگی قیدیوں کے بارے میں نبی کریم (ﷺ) کی تاریخی فیصلے اسی رائے کی تائید کرتے ہیں ائمہ کرام مالک، شافعی، ثوری، اوزاعی اور ابوعبید و غیر کا یہی قول ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اوپر بیان کردہ حکم کی طرف اشارہ کر کے فرمایا کہ کافروں کے بارے میں اللہ کا یہی حکم ہے، نیز فرمایا کہ اگر اللہ چاہتا تو مسلمانوں کا کافروں پر بغیر جنگ کئے ہی فتح و نصرت دے دیتا، یعنی انہیں کسی عذاب کے ذریعہ ہلاک کردیتا، لیکن اس نے ایسا نہیں کیا، بلکہ مومنوں کو ان سے جہاد کرنے کا حکم دیا تاکہ معلوم ہو کہ کون اس کی راہ میں اخلاص کے ساتھ جہاد کرتا ہے اور صبر و ثبات قدمی کا اظہار کر کے اجر جزیل اور ثواب عظیم کا حقدار بنتا ہے اور تاکہ اللہ مومنوں کے ہاتھوں کافروں کو سزا دے۔