سورة الزخرف - آیت 11
وَالَّذِي نَزَّلَ مِنَ السَّمَاءِ مَاءً بِقَدَرٍ فَأَنشَرْنَا بِهِ بَلْدَةً مَّيْتًا ۚ كَذَٰلِكَ تُخْرَجُونَ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
اور وہ جس نے آسمان سے ایک اندازے کے ساتھ پانی اتارا، پھر ہم نے اس کے ساتھ ایک مردہ شہر کو زندہ کردیا، اسی طرح تم نکالے جاؤ گے۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
آیت (11) کے آخر میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جس طرح بارش کے قطروں سے مردہ زمین میں جان آجاتی ہے، پودے لہلہا اٹھتے ہیں اور انواع و اقسام کے پھل اور پھول اگ آتے ہیں، اسی طرح اللہ تعالیٰ اس پر قادر ہے کہ وہ قیامت کے دن تمام مردہ انسانوں کو دوبارہ زندہ کرے گا جو زندہ ہوتے ہی میدان محشر کی طرف دوڑ پڑیں گے اور اپنے رب کے حضور اپنے اعمال کا حساب دینے کے لئے دست بستہ کھڑے ہوجائیں گے۔