الَّذِي جَعَلَ لَكُمُ الْأَرْضَ مَهْدًا وَجَعَلَ لَكُمْ فِيهَا سُبُلًا لَّعَلَّكُمْ تَهْتَدُونَ
وہ جس نے تمھارے لیے زمین کو بچھونا بنایا اور اس میں تمھارے لیے راستے بنائے، تاکہ تم راہ پاؤ۔
آیت (10) میں اللہ تعالیٰ نے مشرکین کی بات پر اضافہ کرتے ہوئے فرمایا کہ لوگو ! اس عزیز و علیم ذات کی صفت یہ بھی ہے کہ اس نے زمین کو تمہارے لئے بچے کے پالنا کی طرح ہموار اور آرام دہ بنایا ہے جس پر تم چلتے ہو، سوتے ہو، اور اپنی تمام ضروریات زندگی پوری کرتے ہو اور اس نے تمہارے لئے زمین میں پہاڑوں اور وادیوں کے درمیان راستے بنائے ہیں، تاکہ تم ان پر چل کر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہو سکو اور اپنی معیشت کے لئے تجارتی کاروبار انجام دے سکو۔ اور اس کی صفت یہ بھی ہے کہ وہ آسمان سے اپنی حکمت و مصلحت کے تقاضے کے مطابق مناسب مقدار میں بارش نازل کرتا ہے جس سے وہ مردہ شہروں کو زندگی دیتا ہے۔