سورة فصلت - آیت 43

مَّا يُقَالُ لَكَ إِلَّا مَا قَدْ قِيلَ لِلرُّسُلِ مِن قَبْلِكَ ۚ إِنَّ رَبَّكَ لَذُو مَغْفِرَةٍ وَذُو عِقَابٍ أَلِيمٍ

ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد

تجھے نہیں کہا جائے گا مگر وہی جو ان رسولوں سے کہا گیا جو تجھ سے پہلے تھے اور بے شک تیرا رب یقیناً بڑی بخشش والا اور بہت دردناک عذاب والا ہے۔

تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ

(28) مکی زندگی میں مرور زمانہ کے ساتھ کفار قریش کا کفر و عناد بڑھتا ہی گیا، جس سے نبی کریم (ﷺ) طبعی طور پر متاثر ہوتے تھے اور قرآن کریم اور اپنے آپ سے متعلق ان کی دل آزار باتیں سن کر کبھی غمگین ہوجاتے تھے، تو اللہ تعالیٰ گزشتہ انبیائے کرام اور ان کے ساتھ ان کی قوموں کی بدسلوکی کے واقعات سنا کر انہیں تسلی دیتا تھا۔ اس آیت کریمہ میں بھی آپ (ﷺ) سے کہا گیا ہے کہ کفار قریش آپ سے وہی کچھ کہتے ہیں جو گزشتہ قومیں اپنے رسولوں سے کہتی تھیں، وہی تکلیف دہ باتیں اور اللہ کی نازل کردہ کتاب میں انہی کی طرح شکوک و شبہات پیدا کرنا، اس لئے جس طرح ان انبیاء نے صبر کیا آپ بھی صبر کیجیے اور آپ کا رب ان موحدین کے گناہوں کو معاف کرنے والا ہے جنہوں نے آپ کی اور گزشتہ انبیاء کی پیروی کی ہے، اور جو اہل کفر آپ کی مخالفت کر رہے ہیں انہیں وہ سخت سزا دینے والا ہے۔