سورة غافر - آیت 55
فَاصْبِرْ إِنَّ وَعْدَ اللَّهِ حَقٌّ وَاسْتَغْفِرْ لِذَنبِكَ وَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّكَ بِالْعَشِيِّ وَالْإِبْكَارِ
ترجمہ عبدالسلام بھٹوی - عبدالسلام بن محمد
پس صبر کر، یقیناً اللہ کا وعدہ سچا ہے اور اپنے گناہ کے لیے بخشش مانگ اور دن کے پچھلے اور پہلے پہر اپنے رب کی حمد کے ساتھ تسبیح کر۔
تیسیر الرحمن لبیان القرآن - محمد لقمان السلفی رحمہ اللہ
اس لئے اے میرے نبی ! آپ بھی موسیٰ کی طرح صبر کیجیے، بے شک اللہ کا وعدہ برحق ہے، وہ آپ کو تنہا نہیں چھوڑ دے گا، ہر وقت اپنے رب کی یاد میں لگے رہئے اور استغفار، دعا، نماز اور تسبیح و تہلیل آپ کا شیوہ رہے۔ بعض لوگوں نے صبح و شام کی تسبیح سے فجر اور عصر کی نماز مراد لی ہے اور حسن اور قتادہ کا خیال ہے کہ ان سے مراد صبح اور شام کے وقت کی دو دو رکعتیں ہیں جو پنجگانہ نماز فرض ہونے سے پہلے پڑھی جاتی تھیں۔