هُوَ الَّذِي يُرِيكُمْ آيَاتِهِ وَيُنَزِّلُ لَكُم مِّنَ السَّمَاءِ رِزْقًا ۚ وَمَا يَتَذَكَّرُ إِلَّا مَن يُنِيبُ
وہی ہے جو تمھیں اپنی نشانیاں دکھاتا ہے اور تمھارے لیے آسمان سے رزق اتارتا ہے اور اس کے سوا کوئی نصیحت حاصل نہیں کرتا جو رجوع کرے۔
(8) اہل کفر و شرک کے لئے قیامت کے دن وعید شدید کا بیان کئے جانے کے بعد، اب انہیں اس دن سے پہلے اس دنیاوی زندگی میں دعوت ایمان دی جا رہی ہے، تاکہ موت سے پہلے ہی تائب ہو کر زمرہ مومنین میں داخل ہوجائیں اور جہنم کا ایندھن نہ بنیں، اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اے اہل قریش ! تم دیکھتے نہیں کہ اللہ تعالیٰ اپنی توحید اور اپنی عظمت و قدرت کے عظیم دلائل تمہارے سامنے پیش کرتا ہے اور وہی آسمان سے تمہارے لئے روزی بھیجتا ہے؟ پھر اللہ تعالیٰ نے خود ہی کہا کہ نصیحت تو وہ حاصل کرتا ہے جو گناہوں سے تائب ہوتا ہے اور ہر حال میں اللہ کی طرف رجوع کرتا ہے۔